بینکاک۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کی ابھرتی ہوئی باکسر نکہت زرین نے ہفتہ کو 51 کیلوگرام زمرہ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ان کو چین کی چیانگ یووان کے ہاتھوں فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شکست کے باوجود پرعزم دکھائی دے رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فائنل تک رسائی ان کیلئے ناقابل فراموش کارنامہ ہے۔ حالانکہ فائنل مقابلہ انتہائی سخت تھا کیونکہ چیانگ ایک ورلڈ کلاس باکسر ہیں جس نے مجھے شکست دی لیکن میں نے اس مقابلے میں ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ 23 سالہ باکسر نکہت کی آئندہ ہونے والے ورلڈ چمپین شپ کے تناظر میں بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ نکہت زرین آئندہ ہفتہ ورلڈ چمپین شپ ٹرائلس میں 6 مرتبہ کی ورلڈ چمپین رہنے والی میری کوم سے مقابلہ کریں گی۔ انہوں نے اپنے تمغہ کو کارگل جنگ کے شہیدوں کے نام معنون کیا۔