بنکاک۔ 25 اکتوبر (ایجنسیز) تھائی لینڈ کی سابقہ ملکہ سری کِٹ 93 برس کی عمر میں چل بسیں۔ تھائی شاہی محل کی جانب سے جاری بیان میں سابقہ ملکہ سری کِٹ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وہ موجودہ بادشاہ مہا وجیرا لونگ کورن کی والدہ تھیں۔ سابقہ ملکہ سری کِٹ، مرحوم بادشاہ بھومی بول ادولیادیج کی اہلیہ تھیں، جنہوں نے 1946 سے 2016 تک طویل ترین دورِ حکومت میں ملک کی خدمت کی۔ تھائی حکومت کے ترجمان کے مطابق، ملکہ سری کِٹ کے انتقال کے باعث وزیرِاعظم نے ملائیشیا میں جاری آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت منسوخ کر دی ہے۔ ملکہ سری کِٹ کو عوام میں ان کی سماجی خدمات، فلاحی منصوبوں اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے باعث بے حد احترام حاصل تھا۔