تھائی لینڈ کے قبرستان میں مرُدوں کیلئے فلم کی نمائش کا اہتمام

   

بنکاک : تھائی لینڈ کے ایک چینی قبرستان نے اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور دلچسپ اقدام کرتے ہوئے مردوں کے لیے خصوصی فلم کی نمائش کا اہتمام کیا۔ہندوستان ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق مردوں کے لیے فلمی نمائش کا اہتمام شمالی تھائی لینڈ کے صوبے ’ناخون راتچاسیما‘ کے ایک چینی قبرستان میں کیا گیا جہاں کم و بیش 2800 قبریں موجود ہیں۔قبرستان کی انتظامیہ نے احتیاط سے خالی کرسیوں کی قطاریں سجائیں اور مرنے والوں کے لیے ایک فلم کی نمائش کا انتظام کیا تاکہ مرنے کے بعد انہیں بھی تھوڑی بہت تفریح فراہم ہو سکے۔یہ خصوصی تقریب دوسے 6 جون تک منعقد ہوئی۔قبرستان کے عملے نے ایک شاندار دعوت کا اہتمام بھی کیا جہاں غیرمعمولی مہمانوں کو کاغذ کے بنے کھانوں، ماڈل ہاؤسز، گاڑیوں، کپڑوں اور روزمرہ کی ضروریات سے نوازا گیا۔تھائی لینڈ کے مقامی میڈیا کی خبروں کے مطابق اس تقریب کا اہتمام ساوانگ میٹا تھماساتھن فاؤنڈیشن نے روحوں کو عزت دینے اور انہیں تفریح کی ایک عارضی شکل فراہم کرنے کے لیے کیا تھا۔