ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنے نوجوانوں سے ایس پی نرمل ششی دھر راجو کی خواہش
نرمل۔/5 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے میل جلو کے ساتھ تہواروں کو خوشگوار انداز میں منایا جائے یہی انسانیت کا تقاضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار نرمل ضلع ایس پی مسٹر سی ششی دھر راجو نے نمائندہ سیاست سید جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ضلع ایس پی نے گنیش وسرجن جلوس کے انتظامات کو قبل از وقت مکمل کرتے ہوئے نرمل ضلع کے حساس علاقہ بھینسہ میں مسلسل دونوں فرقوں کے ذمہ داروں کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ نوجوان غیر ضروری جوش میں آکر ایک دوسرے کے جذبات کو مجروح نہ ہونے دیں کیونکہ وقتی طور پر پرتشدد وقعات میں ملوث ہوکر اپنے مستقبل کو تاریک بنانے کے بجائے امن وامان کی فضاء کو برقرار رکھتے ہوئے حالات کو پرامن رکھنے میں پولیس کا تعاون کریں۔ اگر کوئی نوجوان کسی شرپسندانہ واقعہ میں ملوث ہوجاتا ہے تو مستقبل میں اس کو نہ ہی سرکاری ملازمت کا موقع ملتا ہے اور وہ خلیجی ممالک کی طرف روزگار کی خواہش رکھتے ہوئے بھی وہ اپنے پاسپورٹ سے محروم ہوجاتا ہے بلکہ والدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس جانب توجہ دلاتے ہوئے ان کے شاندار مستقبل کے لئے ایک ذمہ دار شہری کے فرائض سے واقف کروائیں کیونکہ کوئی بھی مذہب تشدد کی اجازت نہیں دیتا اور نہ ہی کوئی بھی والدین یہ چاہتے ہیں کہ ان کی اولاد کسی پرتشدد واقعہ میں ملوث ہو۔ ہر ماں باپ اپنے بچوں کے شاندار مستقبل کی دعائیں کرتے ہیں۔ نوجوانوں کو بھی چاہیئے کہ اپنے والدین اور اپنے علاقہ کا نام روشن کرتے ہوئے مثالی کام انجام دیں۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پولیس کے خصوصی پکیٹس عبادت گاہوں کے پاس تعینات کردیئے گئے ہیں اور اس میں کیمروں کی مدد سے حالات پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ مستقر بھینسہ میں گنیش وسرجن جلوس 10ستمبر کو نکالا جائے گا۔ جبکہ پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ سادہ لباس میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں اجنبی چہروں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ ضلع ایس پی مسٹر ششی دھر راجو نے ایک ہفتہ میں نرمل کے ضلع بھینسہ میں چار اجلاس منعقد کرتے ہوئے دونوں طبقہ کے ذمہ داروں سے گنیش وسرجن جلوس کو کامیاب اور پرامن بنانے کی اپیل کی۔