امن کمیٹی اجلاس، خسروپاشاہ اور دیگر کا خطاب، گنیش تہوار کیلئے وسیع بندوبست: پولیس کمشنر
ورنگل ۔پولیس کمشنر ورنگل ڈاکٹر ترون جوشی نے کہاکہ ہندوستان مختلف مذاہب کا گہوارہ ہے ۔ہر مذہب میں ایک دوسرے کے عقائد کے احترام پر زور دیا گیا ہے ۔ورنگل میں واقع وینکٹیشور لو گارڈن میںگنیش اتسوء کے ضمن میں پولیس کمشنریٹ سنٹرل زون کی نگرانی میں امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ٹرائی سٹی حدود سے وابستہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے اس اجلاس میں شرکت کی ۔جس میں قابل ذکرمولانا حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پا شاہ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹھ ،پوجاری گنگو اوپیندرا شرما ،محمد عبدالمجید سکریٹری بلو برڈس ایجوکیشن سوسائٹی ،بھاسکر رائو ،جئے پال ریڈی ،کورین اجاک ،محمد عبدالحمید سیلانی بابا،رمیش ،سرینواس ریڈی شامل ہیں ۔اس اجلاس کو پولیس کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی نے بہ حیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ گنیش اتسو تقاریب کو پر امن ، آپسی یکجہتی اور ایک دوسرے سے بہتر تعاون کے ذریعہ منایا جائے اور اس کے لئے تمام طبقات پولیس کے ساتھ بہتر تعاون کو ممکن بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ گنیش اتسو تقاریب کے دوران پولیس کا معقول بندوبست کیا جائے گا ۔اس گنیش اتسو تقریب کو قومی یکجہتی کے مظاہرہ کے ذریعہ منایا جائے ۔حضرت خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹھ ،محمد عبدالمجید سکریٹری بلو برڈس ایجوکیشن سوسائٹی اور دیگر نے کہا کہ مختلف مذاہب کے تہواروں کو مل جل کرمنانے کی ورنگل کی تہذیب اور تاریخ ہے اس کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے ۔اس اجلاس میں پولیس کمشنر نے اس موقع پر سید شاہ غلام افضل بیابانی ، محمد عبدالمجید اور مختلف مذاہب سے وابستہ شخصیتوں کی تہنیت کی ۔اس موقع پر سنٹرل زون ڈی سی پی کے پشپا ریڈی،اڈیشنل ڈی سی پی جناردھن ریڈی ،اے سی پیز گیر کمار ،سرینواس ،کشور کمار کے علاوہ انسپکٹرس ،محمد عبدالسبحان ،محمد زبیر غفوری ،ڈاکٹر ولی اللہ قادری ، اور مختلف مذاہب کے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
