تہواروں کی خوشیاں ، قومی یکجہتی میں پنہاں

   

تلخ یادوں کو فراموش کردینے کی خواہش ، بھینسہ میں امن کمیٹی اجلاس سے اعلی پولیس عہدیداروں کا خطاب

بھینسہ /4 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر کے ایم پی ڈی او دفتر میں محکمہ پولیس کی جانب سے درگا ماتا نوراتری و نمرجن جلوس کے پیش نظر امن کمیٹی اجلاس کے انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ اس اجلاس میں محکمہ پولیس ، محکمہ مال ، محکمہ برقی ، محکمہ صحت ، محکمہ بلدیہ ، محکمہ فائر ( آتش فرو) محکمہ آبکاری کے عہدیداران جن میں ضلع جوائنٹ کلکٹر بھاسکر راؤ ، آر ڈی او ای راجو تحصیلدار راجندر ، ڈپٹی تحصیلدار رام چندر ، ضلع ایڈیشنل ایس پی دکشنا مورتی ، بھینسہ ایڈیشنل ایس پی بی راجیش ، ٹاون سرکل انسپکٹر بی وینوگوپال راؤ ، اے ایس آئی ، محمد غوث ، فائر آفیسر چرن کمار ، برقی اے ای عظیم الدین ہیلت میڈیکل آفیسر انیل کمار کے علاوہ ہندو اتسو کمیٹی ذمہ داران ڈاکٹر ناگیش ، رامو ، کرشنا ، ونود اور مولانا شاہد غفران قاسمی ، جی مرلی گوڑ نمائندہ صدرنشین زرعی مارکٹ کمیٹی شہر کے مختلف مساجد کمیٹی کے صدور اور ٹی آر ایس ، بی جے پی کے علاوہ دیگر سیاسی پارٹیوں کے قائدین اور ہندو مسلم عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اس امن کمیٹی اجلاس میں جی مرلی گوڑ ، کرشنا ، ڈاکٹر ناگیش ، نظام وینوگوپال اور مولانا شاہد غفران قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے امن و بھائی چارگی اور قومی یکجہتی کے ذریعہ تہواروں جلوسوں کو گذارتے ہوئے شہر میں آپسی اتحاد کے فروغ اور سرکاری مشنری بالخصوص پولیس محکمہ کا تعاون کرنے کا تیقن دیا ۔ اس اجلاس میں بھینسہ ایڈیشنل ایس پی بی راجیش اور ضلع نرمل ایڈیشنل ایس پی دکشنا مورتی نے مشترکہ خطاب میں کہا کہ تہواروں کو آپس میں مل جل کر منانے اور تلخ یادوں و واقعات کو فرامش کرتے ہوئے آپسی اتحاد کو فروغ دیں اور سوشیل میڈیا کی خبروں پر دھیان نہ دیں ۔ کیونکہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ قدیم پوسٹوں کو شیر کرتے ہوئے حالات کو بگاڑنے کی شرپسند عناصر کی جابن سے ناکام کوشش کی جارہی ہے ۔ اس لئے عوام سوشیل میڈیا کی خبروں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں ۔ بلکہ کسی بھی واقعہ پر پولیس کو اطلاع کرتے ہوئے درگا ماتا جلوس کو بھی گذشتہ گنیش وسرجن جلوس کے طرح مناتے ہوئے قومی یکجہتی کو فروغ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں کی خوشیاں دراصل قومی یکجہتی میں ہی پنہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام عوام شہر میں آلودگی کے خاتمہ کیلئے پلاسٹک بیاگس کے استعمال کے خلاف مہم چلاتے ہوئے عوام میں شعور پیدا کریں ۔ آخر میں ضلع جوائنٹ کلکٹر بھاسکر راؤ نے تمام مذکورہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ درگا ماتا نوراتری اور نرجمن جلوس کیلئے تمام انتظامات اور سہولیات کو یقینی بناتے ہوئے اکثریتی طبقہ کی عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آسکے ۔ انہوں نے شہر کے دونوں طبقوں کی عوام سے بھی پولیس کا تعاون کرتے ہوئے تہواروں کو منانے کی خواہش کی ۔