تہواروں کی خوشیاں اپنی عبادت گاہوں کے پاس منائیں

   

دوسرے مذہبی عبادت گاہوں کے پاس ہنگامہ آرائی سے نقص امن کا خطرہ ، بودھن میں امن کمیٹی کا اجلاس، اے سی پی کرن کمار کا خطاب

بودھن /5 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بودھن پولیس اسٹیشن میں منعقدہ امن کمیٹی کے اجلاس سے اسسٹنٹ کمشنر پولیس بودھن کرن کمار نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد سے علاقہ تلنگانہ میں کہیں بھی فرقہ وارارنہ فسادات نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی 32 سالہ ملازمت کے دوران وہ شہر حیدرآباد کے حساس سمجھے جانے والے پولیس اسٹیشن میں 24 سال تک خدمات انجام دے چکے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اس بیان سے یہ نہ سمجھا جائے کہ وہ کسی مخصوص سیاسی جماعت کی تعریف کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ امن و ضبط کو برقرار رکھنے بلا سیاسی دباؤ اپنے فرائض انجام دیتے ہیں ۔ انہوں نے بودھن کے شہریوں کو پرامن شہری قرار دیا ۔ قبل ازیں سرکل انسپکٹر پولیس بودھن پریم کمار نے عوام سے نظم و ضبط برقرار رکھنے پولیس کا تعاون کرنے کی خواہش کی ۔ بعض مقامی قائدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندو مسلم طبقات کے افراد اپنے تہواروں کی خوشیاں اپنی عبادت گاہوں کے سامنے منانے سے نظم نسق کا صد فی صد حل نکل آئے گا ۔ ایک دوسرے کی عبادگاہوں کا احترام نہ کرتے ہوئے دوسروں کی عبادتگاہوں کے سامنے ناچنے گانے و ہنگامہ آرائی ہی کے بعد پرامن شہر میں فرقہ وارانہ ماحول پیدا ہوتا ہے ۔ بعض اکثریتی طبقہ کے افراد نے قدیم بس اسٹانڈ پر ہنومان جینتی کے جلسوں کے موقع پر فروٹ مارکٹ کو چند گھنٹوں کیلئے پیچھے ہٹادینے اور ہنومان مندر کے بازو واقع ناد علی مسجد کے داخلے کی سڑک پر دو دنوں تک سواریوں کی پارکنگ کیلئے جگہ فراہم کرنے کے علاوہ دونوں فرقوں کے جدید کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لاکر شہر میں پرامن ماحول کو برقرار رکھنے پولیس کا تعاون کرنے کی تجویز کو منطوری دے دی گئی ۔