تہواروں کے موسم میں آتش بازی سے گریز فضائی آلودگی کو بہتر بنا سکتا ہے

   

Ferty9 Clinic

دہلی کے تمام اسکول پرنسپلس کو حکومت کا مکتوب ، طلبہ کو راغب کرنے کی ہدایت ، کووڈ کے صبر آزما دور میں احتیاط ضروری

نئی دہلی : دہلی حکومت نے دارالحکومت میں واقع تمام اسکولس کو یہ خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ اسکول انتظامیہ تمام طلباء و طالبات کو اس بات کی خصوصی تلقین کریں اور انہیں حساس بنائیں کہ آنے والے تہواروں کے موسم میں آتش بازی سے گریز کیا جائے جس سے دہلی کی فضائی آلودگی میں اگر مزید اضافہ ہوتا ہے تو یہ ایک تشویشناک بات ہوگی۔ ایک ایسے وقت جب کووڈ۔19 کی وجہ سے اسکولس ہنوز بند ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ اس سلسلے میں واٹس ایپ گروپ اور دیگر ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے طلباء و طالبات کو آگاہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ دیوالی، چھٹ پوجا اور گروپرب جیسے تہواروں کے موقع پر کثرت سے آتش بازی کی جاتی ہے اور اس سے پیدا ہونے والی صوتی و فضائی آلودگی ہر ایک کو متاثر کرسکتی ہے کیونکہ آتش بازی سے سلفرڈائی آکسائیڈ، کاربن مونوآکسائیڈ اور دیگر زہریلی گیاسیس کا اخراج ہوتا ہے جو نہ صرف فضائی آلودگی کا باعث بنتی ہیں بلکہ دَمّہ، سانس کی نالیوں میں رکاوٹ، ہائپرٹینشن اور امراض قلب کی وجہ بھی بنتی ہیں۔ علاوہ ازیں صوتی اور فضائی آلودگی جانوروں اور پرندوں کو بھی متاثر کرتی ہے۔ اسکولوں کے پرنسپلس کے نام تحریر کردہ ایک مکتوب میں ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (DoE) نے یہ بات کہی۔ مکتوب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فضائی آلودگی سے معمر افراد بھی شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ کووڈ۔19 کے اس صبر آزما دور میں ہر ایک کی یہ کوشش ہونی چاہئے کہ وہ فضاء کو آلودگی سے پاک رکھے۔ فضاء میں موجود ہوا کا معیار اگر بہتر ہوگا تو سانس لینے سے بھی تکلیف نہیں ہوگی۔ کووڈ۔ 19 کی اہم علامتوں میں سانس لینے میں تکلیف والی علامت بھی شامل ہے لہذا آتش بازی اور پٹاخے چھوڑنے سے جو دھواں خارج ہوگا، وہ فضائی آلودگی کا سبب بنے گا۔ طلباء و طالبات کو مختلف ذرائع سے اس بات کی ترغیب دی جائے کہ فضاء کو کسی بھی حالت میں آلودہ نہ کیا جائے اور ’’سے نو ٹو فائر کریکرس‘‘ کے نعرہ کے ساتھ اس پر عمل آوری کرنا چاہئے۔ تہوار کے موقع پر مٹی کے دیئے جلائے جائیں۔ الیکٹرک فینسی لائٹس کا استعمال اور موم بتیاں بھی جلائی جاسکتی ہیں جس سے فضائی آلودگی کا خطرہ نہیں رہے گا۔ دوسری طرف دہلی کے سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دہلی کی ہوا کا معیار چہارشنبہ کی صبح 268 نوٹ کیا گیا ہے۔ ایرکوالٹی انڈیکس (AGI) کے مطابق 0 سے 50 تک کے اعداد اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ ہوا کا معیار اچھا ہے۔ 51 سے 100 اطمینان بخش 101 سے 200 معتدل، 201 سے 300 ناقص، 301 سے 400 بے حد ناقص اور 401 سے 500 انتہا درجہ کی آلودگی کا اشارہ ہے۔