اسلام آباد: پاکستان نے اپنے سابق فوجی افسر اور 26/11 کے ممبئی دہشت گرد حملوں کے ملزم تہور رانا کو ہندوستان کے حوالے کرنے پر اپنے پہلے ردعمل میں اسے پاکستانی شہری تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے کینیڈا کا شہری قرار دیا ہے ۔پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان سے جب رانا کی ہندوستان حوالگی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ تہور رانا نے دو دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے پاکستانی دستاویزات کی تجدید نہیں کی ہے ۔ ان کی کینیڈین شہریت بالکل واضح ہے ۔رانا، پاکستانی۔کینیڈین شہری کو امریکہ میں کالعدم دہشت گرد گروپ لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے کارندوں کے ساتھ روابط رکھنے اور ممبئی حملوں کے ذمہ دار گروپ کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی ۔ رانا کو آج ایک خصوصی طیارے کے ذریعے امریکہ سے ہندوستان کے حوالے کردیا گیا ۔ رانا نے ابتدائی طور پر 1990 کی دہائی کے آخر میں کینیڈا جانے سے پہلے پاکستان آرمی میں بطور ڈاکٹر خدمات انجام دیں۔ رپورٹس کے مطابق کینیڈین شہریت حاصل کرنے کے بعد وہ شکاگو میں سکونت اختیار کر گیا جہاں اس نے امیگریشن کنسلٹنسی سمیت متعدد کاروبار چلائے ۔