تیجسوی یادو آر جے ڈی کے ورکنگ صدر مقرر

   

پٹنہ۔25؍جنوری(ایجنسیز) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے اتوار کو پٹنہ میں منعقدہ اپنی قومی عاملہ (نیشنل ایگزیکٹو) کی میٹنگ میں لالو پرساد یادو کے چھوٹے بیٹے اور بہار اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف تیجسوی یادو کو پارٹی کا ورکنگ صدر مقرر کر دیا۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی پارٹی میں قیادت اور جانشینی کی تصویر واضح ہو گئی ہے۔تیجسوی یادو کی تقرری حالیہ اسمبلی انتخابات میں مہاگٹھ بندھن کی شکست کے بعد عمل میں آئی ہے جن میں 36 سالہ تیجسوی یادو کو وزیر اعلیٰ کا امیدوار بنایا گیا تھا۔ پارٹی قائدین کے مطابق یہ فیصلہ نچلی سطح پر تنظیم کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔ بطور ورکنگ صدر، تیجسوی یادو پارٹی تنظیم، سیاسی حکمتِ عملی اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔آر جے ڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ یہ فیصلہ قومی عاملہ کی میٹنگ میں کیا گیا جس میں لالو پرساد یادو، تیجسوی یادو اور دیگر سینئر رہنما شریک تھے۔ میٹنگ میں تیجسوی کی بڑی بہن اور پاٹلی پتر لوک سبھا حلقہ سے رکنِ پارلیمنٹ میسا بھارتی بھی موجود تھیں۔قابلِ ذکر ہے کہ لالو یادو پہلے ہی اسمبلی انتخابات سے قبل اپنے تمام اختیارات تیجسوی یادو کو سونپ چکے تھے۔ سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ فیصلہ آئندہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔ تیجسوی یادو کی جارحانہ سیاست اور متحرک قیادت اپوزیشن کو نئے چیلنجز سے دوچار کرے گی۔