پٹنہ، 11 نومبر (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو نے دہلی میں لال قلعہ کے قریب کار دھماکے کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں یادو نے متاثرہ کنبوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے لکھا کہ دہلی میں لال قلعہ کے قریب کار دھماکے کی المناک خبر ملی ہے ۔ ملک کے دارالحکومت میں ایسا واقعہ پیش آنا تشویشناک ہے ۔ میں ان کنبوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتا ہوں۔ تیجسوی یادو نے قومی سلامتی کے معاملات میں حکومت کے ساتھ آر جے ڈی کے مضبوط موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے میں، چاہے پلوامہ ہو یا پہلگام، ہم ہمیشہ حکومت کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ملک کی سلامتی اور خودمختاری سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ” ہم مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرائے اور شفاف کارروائی کے ذریعے عوام کو یقین دلائے ، ساتھ ہی مجرموں کو سخت ترین سزا دی جائے ۔ آخر کب تک ہندوستانی خوف کے سائے میں جیتے رہیں گے ؟ جے ہند! ”