تیز رفتار کار فلائی اوور سے اڑکر ریلوے ٹریک پر جاگری

   

نئی دہلی، 15 ستمبر (ایجنسیز) دہلی میں پیر کو ایک خوفناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر فلائی اوور سے نیچے ریلوے ٹریک پر جاگری۔ اس واقعے کے باعث تقریباً ایک گھنٹے تک ریل خدمات متاثر رہیں۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ حیدرپور میٹرو اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جب ایک ماروتی سیازکار مکربا چوک فلائی اوورکی ریلنگ سے ٹکرا کر الٹتے ہوئے نیچے پٹریوں پر جاگری۔ حادثے میں غازی آباد کے رہائشی ڈرائیور35 سالہ سچن چودھری کے کندھے اور چہرے پر معمولی خراشیں آئیں۔ انہیں فوری طور پر طبی معائنے کے لیے بھیجا گیا۔ چودھری نے پولیس کو بتایا، میں پیراگڑھی سے غازی آباد جا رہا تھا۔ ریلوے ٹریک کے اوپر والے حصے کے قریب پہنچنے پرگاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور رنگ روڈ کے کنارے بنی دیوار سے ٹکرا گیا۔کار ریلنگ توڑتے ہوئے پہلے گھاس کے ڈھلوان پرگری اور پھر الٹ کر ریلوے ٹریک پر جاگری۔ موقع پر موجود دہلی پولیس، ریلوے پولیس اور مقامی لوگوں نے مشترکہ کوشش سے گاڑی کو ہٹا دیا اور کچھ ہی دیر بعد ٹرین خدمات بحال کر دی گئیں۔ پولیس کو ٹریک پر ایک نیلی پلسر موٹر سائیکل بھی ملی جو پچھلے دن سے وہاں پڑی تھی۔ حکام نے واضح کیا کہ کار حادثہ اور موٹر سائیکل کا وہاں ہونا دو الگ الگ واقعات ہیں اور ایک ہی وقت میں نہیں ہوئے۔