حیدرآباد۔17 نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ و آندھرا پردیش کے 3 رئیل اسٹیٹ تاجرین مکانات و دفاتر پر انکم ٹیکس کی جانب سے کئے گئے دھاؤوں کے دوران 75کروڑ کے غیر محسوب آمدنی کا انکشاف ہوا ہے۔ سی بی ڈی ٹی کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق 10 نومبر کو آندھراپردیش اور تلنگانہ کے 30 مقامات پر کئے گئے دھاؤوں کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے اور انکم ٹیکس عہدیداروں نے مجموعی اعتبار سے حیدرآباد‘ وجیانگرم اور سریکاکلم میں 30مقامات پر کئے گئے دھاؤوںکے دوران 1کروڑ روپئے نقد‘90 لاکھ مالیت کے زیورات ضبط کئے گئے ہیں اور 9 بینک لاکرس کو مہر بند کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ رئیل اسٹیٹ تاجرین جنہوں نے ٹیکس چوری کی ہے ان کے متعلق اطلاعات موصول ہونے کے بعد سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس کی جانب سے کاروائی کی گئی۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کاروائی دوران ڈیجیٹل شواہد کے علاوہ تحریری مواد اور مشتبہ نقد لین دین کے ثبوت دستیاب ہوئے ہیں اور ان ثبوت و شواہد کی بناء پر مزید کاروائیاں انجام دی جائیں گی۔