تین سال سے مسلسل غیرحاضراسکول کے 8ٹیچربرخواست

   

جونپور،28فروری(سیاست ڈاٹ کام )اترپردیش میں ضلع جونپور کے سرکاری اسکولوں میں تعینات 8ٹیچروں کو بغیر اطلاع کے غیر حاضر رہنے کی وجہ سے برخاست کردیا گیا ہے ۔بیسک شکشا افسر (بی ایس اے )ڈاکٹر راجیندر سنگھ نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ جونپور ضلع کے سرکاری اسکولوں میں تعینات آٹھ ٹیچرتین برسوں سے بغیر اطلاع کے غیر حاضر چل رہے تھے ۔سبھی ٹیچروں کو نوکری سے برخاست کردیاگیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس میں سے 6 اسسٹنٹ ٹیچر اکیلے کھٹہن بلاک میں تعینات تھے ۔دو دیگر ٹیچروں کی تعیناتی برسٹھی اور بدلا پور بلاک علاقے میں تھی۔ایسے ہی ایک دیگر خاتون ٹیچر کو نوٹس جاری کیاگیاہے ،جو پچھلے تین برسوں سے اسکول ہی نہیں آئیں۔ڈٓاکٹر سنگھ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے مشورے کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے ۔بیسک شکشا محکمے کے پرائمری اسکولوں میں اسسٹنٹ ٹیچر کے طورپر تعینات ہونے کے بعد طویل عرصے سے غیر حاضر رہے ٹیچروں کے لئے خصوصی مہم چلائی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کھٹہن ڈویلپمنٹ بلاک کے پرائمری اسکول جمنیاں میں تعینات وندنا سنگھ،پرائمری اسکول رستم پور کی رما دوبے ،پرائمری اسکول جگبندن پور میں تعینات اکھیلیش موریے ،پرائمری اسکول موجی پور اول کے رمیش یادو،پرائمری اسکول خرتاب پور کے چندر بلی رام،پرائمری اسکول جمال الدین پور کے دشرتھ سنگھ سال 16-2015 سے غیر حاضر چل رہے تھے ۔ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ ان کی تعیناتی کے دوران محکمے کے سروس رجسٹر میں درج نام اور پتے پر بیسک شکشا محکمے نے چار چار نوٹس بھیج کر انہیں طلب کیا لیکن ان کے ذریعہ کوئی جواب نہ دئے جانے کے بعد چہارشنبہ کو انہیں بیسک شکشا محکمے میں اسسٹنٹ ٹیچر کے عہدے سے برخاست کردیاگیا۔