حیدرآباد۔26۔نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش ہائی کورٹ میں جگن حکومت کی جانب سے حلفنامہ داخل کیا گیا جس میں یہ اطلاع دی گئی کہ اقتدار کو غیر مرکوز کرنے اور تین علحدہ دارالحکومتوں کے قیام سے متعلق قانون سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ہے۔ 22 نومبر کو اسمبلی اور 23 نومبر کو قانون ساز کونسل میں بلز کو منظوری دی گئی ۔ اسمبلی کے سکریٹری کی جانب سے یہ حلفنامہ داخل کیا گیا۔ واضح رہے کہ امراوتی کے بجائے تین علحدہ دارالحکومتوں کے قیام کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ کسانوں کی جانب سے کئی درخواستیں داخل کی گئیں جن کی سماعت جاری ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق سری لکشمی کی جانب سے ایک حلفنامہ داخل کیا گیا۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق حکومت نے دونوں منظورہ بلز کی نقل حلفنامہ کے ساتھ داخل کی ہے۔ عدالت نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت پیر کو مقرر کی ہے۔ حکومت کے فیصلہ کے بعد عدالت میں دائر کی گئی درخواستیں واپس لئے جانے کا امکان ہے۔ ر