تین میچز کی ٹسٹ سیریز انگلینڈ کے نام

   

نیوزی لینڈ ورلڈ ٹسٹ چیمپئن شپ کی دوڑ سے باہر

لارڈس : انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر تین میچز کی سیریز اپنے نام کرلی۔ میزبان ٹیم نے تینوں میچز کی چوتھی اننگز میں 250 سے زائد رنز کا تعاقب کرکے تاریخ رقم کردی ہے۔لیڈز ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن انگلینڈ نے بارش اور نیوزی لینڈ دونوں کو شکست دیتے ہوئے سات وکٹ سے کامیابی حاصل کی، جس کی وجہ سے عالمی چیمپئن نیوزی لینڈ اب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔تین صفر سے سیریز جیتنے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں کوئی خاطر خواہ بہتری تو نہیں آئی،البتہ گزشتہ سال کی فاتح نیوزی لینڈ ٹیم کی پوزیشن اتنی گر گئی کہ وہ اس سال اپنے اعزاز کا دفاع نہیں کرسکے گی۔نئے کپتان اور نئے کوچ کی زیرِ نگرانی انگلینڈ نے کامیابی حاصل کرکے نیوزی لینڈ کو آٹھویں پوزیشن پر دھکیل کر خود ساتویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔اس وقت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں آسٹریلیا کی ٹیم 75 فی صد کامیابی کے ساتھ پہلے جب کہ 71 اعشاریہ چار تین فی صد کے ساتھ جنوبی افریقہ کا دوسرا نمبر ہے۔ہندوستان 58 اعشاریہ تین تین فی صد کے تناسب کے ساتھ تیسرے، سری لنکا 55 اعشاریہ پانچ چھ فی صد کے ساتھ چوتھے اور پاکستان 52 اعشاریہ تین آٹھ فی صد کے تناسب سے پانچویں پوزیشن پر ہے۔لیڈز کے مقام پر پیر کوسیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے آخری دن انگلینڈ کو فتح کے لیے مزید 113 رنز درکار تھے اور اس کی 8 وکٹیں باقی تھیں۔ پہلا سیشن تو بارش کی وجہ سے ملتوی ہوا لیکن دوسرے سیشن میں جب کھیل شروع ہوا، تو صرف ایک رنز کا اضافہ کرنے کے بعد اولی پوپ پویلین لوٹ گئے۔ایسے میں جونی بئیر اسٹو نے سابق کپتان جو روٹ کا ساتھ دیا، اور اپنی جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ وہیں سے شروع کیا جہاں پہلی اننگز میں ختم ہوا تھا۔ تین چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے انہوں نے صرف 44 گیندوں پر 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 7 وکٹوں سے کامیابی دلائی۔
چوتھے دن کا اختتام 55 رنز پر کرنے والے جو روٹ اس دوران اسکور میں صرف 31 رنز ہی کا اضافہ کرسکے، وہ کھیل کے اختتام پر 86 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔دونوں اننگز میں پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے انگلش لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ کو ‘مین آف دی میچ’ قرار دیا گیا جب کہ سیریز کے دوران 396 رنز بنانے والے جو روٹ کو ‘ مین آف دی سیریز’ کے اعزاز سے نوازا گیا۔نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کو سیریز کے دوران 538 رنز بنانے کی وجہ سے مہمان ٹیم کا مین آف دی سیریز ٹھہرایا گیا۔