حیدرآباد ۔ 21 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے جائیداد ٹیکس ادائیگی میں مزید سہولت اور آسانی پیدا کرنے کے لیے ایک اہم فیصلہ کیا ہے ۔ چنانچہ جی ایچ ایم سی کے انفارمیشن ٹکنالوجی ( آئی ٹی ) شعبہ کی جانب سے جلد ہی یو پی آئی ( یونیفائیڈ پے مینٹس سرفیس ) پے منٹ ، کیو آر کوڈ ، فون پے ، پے ٹی ایم اور دیگر موبائل والیٹس سے ادائیگی ٹیکس کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ جی ایچ ایم سی ویب سائیٹ کے ذریعہ ٹکس ادا کرنے کے علاوہ شہری MyGHMC موبائل اپلی کیشن اور سٹیزن سرویس سنٹرس کے ذریعہ بھی جائیداد ٹیکس ادا کرسکتے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے مطابق یو پی آئی اکاونٹ نمبر ، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈس سے ٹیکس منہا کرنے کی سہولت عوام کو جی ایچ ایم سی ویب سائٹ پر پی ٹی آئی نمبر لگاتے ہوئے دستیاب بنائی جائے گی ۔ اسے مائی جی ایچ ایم سی اپلی کیشن سے مربوط کیا جائے گا ۔ اگر ٹیکس کی رقم نقد یا چیک کے ذریعہ کلکٹرس یا ٹیکس انسپکٹرس کو ادا کی گئی تو وہ اس کی تفصیلات اینڈرائیڈ ٹیبلیٹ کا استعمال کرتے ہوئے برسر موقع درج کریں گے اور رسید بھی دیں گے ۔ ٹیکس کی ادائیگی کے ڈیجیٹلائیزیشن کے حصہ کے طور پر جب مالک مکان کی جانب سے QR کوڈ کو اسکین کیا جاتا ہے تو واجب الادا ٹیکس کی رقم موبائل فون پر ظاہر ہوجاتی ہے ۔ شہری مکان نمبر بھی درج کرتے ہوئے ٹیکس کی رقم معلوم کرسکتے ہیں ۔ میونسپل کارپوریشن ایک ماہ میں میونسپل ’ پراپرٹی ٹیکس ‘ ڈیجیٹل پے منٹس کا آغاز کرے گا ۔ جس سے عوام ان کے موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے جائیداد ٹیکس ادا کرپائیں گے ۔ کارپوریشن کا مقصد ڈیجیٹل پے منٹ آپشنس میں اضافہ کرنا ہے ۔۔