جائیداد کیلئے بھتیجہ نے چچا کا قتل کردیا

   

حیدرآباد : /24 ستمبر (سیاست نیوز) جائیداد کیلئے ایک بھتیجہ نے اپنے چچا کا قتل کردیا ۔ راجندر نگر حدود میں یہ واردات پیش آئی جہاں قتل کے بعد مقتول کی نعش کو سڑک پر پھینک دیا گیا ۔ آج صبح کے اولین اوقات میں پیش آئی اس سنگین واردات پر کارروائی کرتے ہوئے راجندر نگر پولیس نے قاتلوں کو گرفتار کرلیا اور قاتلوں کی گرفتاری کے بعد ان کی شناخت کی گئی اور قتل کی وجوہات کا انکشاف ہوا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجندر نگر سی ایچ سرینواس کے مطابق 23 سالہ محمد ارباز عرف ابو ساکن چنتل میٹ عطاپور اور 25 سالہ سلیمان خاں ساکن ایم ایم پہاڑی عطا پور کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ان کے درمیان جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا ۔ ریاست کرناٹک کے بالکی میں واقع اراضی کے معاملہ میں جاری تنازعہ سے ارباز تنگ آچکا تھا ۔ اس نے آج صبح کار میں چچا منہاج الدین کو بٹھالیا ۔ کار سلیمان چلارہا تھا اور منہاج الدین کار کے سامنے کی سیٹ پر بیٹھا تھا اور ارباز پیچھے بیٹھا تھا ۔ اس دوران موقع کا فائدہ اٹھاکر ارباز نے چاقو سے اندھادھند وار کردیئے جس کے سبب منہاج الدین ہلاک ہوگیا اور اس کے بعد نعش کو اے بی کالج کی مین گیٹ کے قریب پھینک دیا گیا ۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان قاتلوں کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق منہاج الدین کا گلا کاٹ کر نعش کو حیدرآباد ۔ بنگلورو قومی شاہراہ کے قریب پروفیسر جئے شنکر تلنگانہ اسٹیٹ اگریکلچرل یونیورسٹی کے قریب پھینک دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔ ع