جارج فرنانڈیز کو مختلف قائدین ،چیف منسٹروں کا خراج عقیدت

   

ملک ایک نڈر ، بیباک ٹریڈ یونین اور سوشلسٹ لیڈر سے محروم
نئی دہلی۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر اور سرکردہ سوشلسٹ لیڈر جارج فرنانڈیز کے انتقال پر مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور ریاستی چیف منسٹر نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جارج فرنانڈیز کا طویل علالت کے بعد بعمر 88 سال آج انتقال ہوگیا۔ ان کی زندگی کا ایک بڑا حصہ سیاسی مہم جوئی میں گذر گیا تاہم اس مہم کے دوران دو مرتبہ وہ اپنے نظریات سے برعکس نظریات کی حامل حکومتوں میں وزیر رہے۔ جس کے باوجود زندگی بھر کٹر سوشلسٹ برقرار رہے۔ 1977ء میں وزیر صنعت کی حیثیت سے انہوں نے کوکا کولا کمپنی کو ہندوستان سے باہر نکال دیا اور 1999ء میں بحیثیت وزیر دفاع کارگل معرکہ آرائی کی نگرانی کی تھی۔ بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے کہا کہ فرنانڈیز نے ان (کمار) کا سیاسی کیریئر بنانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ نتیش کمار نے اپنے سیاسی گرو کی موت پر بہار میں دو روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ کرناٹک کے چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے کونکن ریلوے پراجیکٹ کیلئے فرنانڈیز کی خدمات کو یاد دلایا اور ٹوئٹر پر لکھا کہ ’کرناٹک کے عوام جارج فرنانڈیز کو کونکن ریلوے پراجیکٹ کیلئے ہمیشہ یاد رکھیں گے‘۔ کرناٹک بی جے پی یونٹ کے صدر بی ایس یدی یورپا نے بھی فرنانڈیز کو خراج عقیدت ادا کیا۔ راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ اور ان کے نائب سچن پائیلٹ نے آنجہانی قائد کے غم زدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے آندھرائی ہم منصب چندرا بابو نائیڈو نے بھی فرنانڈیز کی قومی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا۔

ٹاملناڈو کے چیف منسٹر کے پلانی سوامی، ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن نے فرنانڈیز کو ہمہ جہت شخصیت قرار دیا۔ اڈیشہ کے چیف منسٹر نوین پٹنائیک اور مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے انہیں مقبول عام ٹریڈ یونین لیڈر قرار دیا۔ جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹرس محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ نے بھی فرنانڈیز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ فرنانڈیز جو کرناٹک میں منگلور کے ایک عیسائی گھرانہ میں پیدا ہوئے تھے، 1972ء میں ایک شعلہ بیان لیڈر کی حیثیت سے ممبئی میں ریلوے ہڑتال کے کامیاب اہتمام کے ساتھ ہی قومی منظر پر ابھرے تھے اور یہ بھی عجیب اتفاق ہے کہ 1989ء میں وی پی سنگھ کے زیرقیادت نیشنل فرنٹ حکومت میں وزیر ریلوے کے عہدہ پر فائز ہوئے تھے۔