جاریہ سال کے اختتام سے قبل اے پی کے سرکاری ملازمین کو فلائٹس کا الاٹمنٹ

   

ملازمین کا مشاہدہ ، بہتر تعمیرات پر حکومت اور چیف منسٹر سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش کی راجدھانی امراوتی میں گروپ ڈی سرکاری ملازمین ( این جی اوز) کے لیے تعمیر کئے جانے والے فلیٹس کی تعمیر جاریہ سال کے اختتام تک مکمل کرلی جائے گی اور سال کے اختتام سے قبل ہی فلیٹس ملازمین کو حوالہ کئے جائیں گے ۔ ریاستی سکریٹریٹ و یلگاپوڈی کے ملازمین کو انہیں فراہم کیے جانے والے فلیٹس کا تفصیلی مشاہدہ کروایا گیا ۔ مشاہدہ کرنے والے تمام سرکاری ملازمین نے شاندار فلیٹس تعمیر کئے جانے پر اپنی مسرت کا اظہار کیا اور ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی ستائش کی ۔ ان فلیٹس کی تعمیر کرنے والے کنسٹرکشن کمپنی کے عہدیداروں نے سرکاری ملازمین کو جاری تعمیری کاموں سے واقف کروایا اور انہیں اس بات کا یقین دلایا کہ جاریہ نئے سال کے اختتام سے قبل ہی فلیٹس کی تعمیر مکمل ہوجائے گی ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ صدر ریاستی سکریٹریٹ ایمپلائز یونین مسٹر مرلی کرشنا اور مہیلا ونگ کی صدر شریمتی سلوچنا کی قیادت میں پانچ خصوصی بسوں کے ذریعہ زائد از 250 ملازمین کو زیر تعمیر فلیٹس کا مشاہدہ کروایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 27.47 ایکڑ اراضی پر جملہ 13 منزلہ 22 ٹاورس تعمیر کئے جارہے ہیں اور ہر ایک فلیٹ 1200 مربع فیٹ پر مشتمل رہے گا ۔ بعد ازاں ان ملازمین کو ہائی کورٹ ، ارکان اسمبلی و آئی اے ایس عہدیداروں کیلئے تعمیر کئے جانے والے فلیٹس کا بھی مشاہدہ کروایا گیا ۔ ان تعمیری کاموں سے بھی ملازمین نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا ۔۔