آئندہ ہفتے پیوش گوئل کا دورہ امریکہ ۔ معاہدہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کئے جانے کا امکان
نیویارک 7 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور امریکہ کو بہت زیادہ امید ہے کہ وہ جاریہ سال کے ختم تک ایک تجارتی معاہدہ پر دستخط کرلیں گے ۔ ایک سینئر ہندوستانی سفارتکار نے یہ بات بتائی ۔امریکہ میں ہندوستانی سفارتخانہ کے وزیر ( تجارت ) منوج کمار موہاپترا نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل آئندہ ہفتے امریکہ کا دورہ کرنے والے ہیں جس دوران وہ تجارتی معاہدہ پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے دورہ کے موقع پر مسٹر گوئل واشنگٹن اور نیویارک دونوں شہروں کا دورہ کرینگے ۔ اس دورہ کے موقع پر ہماری بات چیت جاری رہے گی ۔ ہم اس بات کا عزم رکھتے ہیں کہ جاریہ سال کے ختم تک اس معاہدہ کو قطعیت دیدی جائے ۔ ہم ایسا معاہدہ کرینگے جس سے دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہوگا ۔ ہندوستان ۔ امریکہ شراکت داری کے استحکام اور باہمی تجارتی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ہی فریقین اس بات پر پرامید ہیں کہ باہمی تجارتی معاہدہ کو جاریہ سال کے ختم تک قطعیت دیدی جائے گی ۔ مسٹر موہاپترا ناتھ ایسٹ نیویارک ریجنل چیاپٹر آف انڈین امریکن انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس سے خطاب کرر تھے ۔ وفاقی مواصلاتی کمیشن کے صدر نشین اجیت پائی بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے ۔ مسٹر موہاپترا نے بتایا کہ فی الحال ہندوستان اور امریکہ کے مابین باہمی تجارت 150 بلین ڈالرس کی ہے اور اس میں ہر سال دس فیصد کا اضافہ ہو رہا ہے ۔ نریندر مودی حکومت کی جانب سے ہندوستان کو پانچ ٹریلین ڈالرس کی معیشت بنانے پر توجہ کے دوران مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر موہاپترا نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے مباین آئندہ جو تعاون و اشتراک ہوگا وہ ایسے شعبوں میں ہوگا جن پر اب تک کوئی خاص توجہ نہیں دی جاسکی ہے ۔