جاریہ ہفتہ ٹرمپ اور ژی جن پنگ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ کا امکان : وائٹ ہاؤس

   

واشنگٹن۔3 جون (ایجنسیز) وائٹ ہاؤس کی ترجمان، کیرولین لیوٹ نے پیر کی شب بتایا کہ امکان ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس ہفتے چینی صدر ژی جن پنگ سے ٹیلیفون پر بات کریں۔لیوٹ نے اس بارے میں مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی، اور نہ بیجنگ کی طرف سے فوری طور پر اس کی تصدیق سامنے آئی ہے۔اگر یہ گفتگو ہوئی، تو توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں صدور کی توجہ امریکہ اور چین کے درمیان جاری تجارتی اختلافات پر مرکوز ہوگی۔ اگرچہ امریکہ اور چین نے مئی کے وسط میں کچھ تجارتی محصولات میں نرمی پر اتفاق کیا تھا، تاہم حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تناؤ ایک بار پھر بڑھ گیا ہے۔اسی دوران امریکی سینیٹ، روس کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے پر کام کر رہا ہے۔ ری پبلکن سینیٹر لنڈسی گراہم کے مطابق یہ اقدامات ان ممالک کو نشانہ بنائیں گے جو روس سے تیل، گیس اور دیگر توانائی کی اشیاء کی خریداری جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ ایک ایسا اقدام ہے جو چین پر بھی نمایاں اثر ڈال سکتا ہے۔