6 جون کے بعد بارشوں کا امکان ۔ کرناٹک میں بھی شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کا امکان
حیدرآباد۔30 ۔مئی (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات اور ماہرین کی پیش قیاسی کے مطابق جاریہ ہفتہ کے اواخر تک کسی بھی دن تلنگانہ اضلاع اور حیدرآباد میں مانسون سرگرم ہوجائیگا ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے دونوں شہروں میں مانسون کی آمد سے قبل ڈرینیج کی صفائی اور نالوں کی صفائی کے کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ اضلاع میں محکمہ مال اور ضلع کلکٹرس کی جانب سے مانسون کی تیاریوں کا جائزہ لیا جانے لگا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 6تا 8 جون کسی بھی وقت تلنگانہ میں مانسون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے ۔ بحیرہ عرب میں مانسون کے سرگرم ہونے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ خلج بنگال میں بھی مانسون سرگرم ہوجائے گا اور جنوبی ہند کی ریاستوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے لگے گا۔ تلنگانہ میں مانسون سرگرم ہونے کے متعلق کہا جا رہاہے کہ آئندہ 3تا4یوم کے دوران خلیج بنگال میں مانسون کی آمد ہوجائیگی اور 31 مئی سے 2 جون کے دوران کرناٹک کے بیشتر اضلاع بالخصوص ساحلی اضلاع میں طوفان کی طرح صورتحال ہوگی لیکن اس مدت میں تلنگانہ میں بارش کے کوئی امکان نہیں ہیں لیکن 6تا 8جون کے دوران مانسون کے ٹکرانے کا مکمل امکان ہے۔محکمہ کے مطابق شہر میں آئندہ دو یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش ہوسکتی ہے لیکن ان بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی واقع نہیں ہوگی بلکہ جون اوائل میں درجہ حرارت میں بتدریج کمی کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے ۔دونوں شہروں بلدیہ نے مانسون کی آمد سے قبل کاموں پر توجہ مرکوز کردی اور نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے انتظامات کو یقینی بنانے پائپ لائن کی تنصیب جاری ہیں اور جن علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایت تھیں ان سے پانی کی نکاسی کے نالوں کی کشادگی اورصفائی کا عمل جاری ہے۔مانسون کی آمد سے قبل ہی شہر میں مطلع ابر آلود رہنے اور ہلکی بارشوں کی بھی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔م