جامع مسجد دہلی30 جون تک بند رہے گی۔ شاہی امام بخاری کا اعلان

,

   

نئی دہلی: تاریخی جامع مسجد دہلی 30 جون تک بند رہے گی۔ مسجد کے شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے یہ اعلان کیا ہے۔ دہلی میں کورونا وائرس کے واقعات میں اضافہ کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ دو دن قبل شاہی امام سید احمد بخاری کے سکریٹری امانت اللہ خان کوویڈ۔19 کی وجہ سے سرکاری دواخانہ صفدر جنگ ہاسپٹل میں فوت ہوگئے تھے۔ شاہی امام بخاری نے ملک کی تمام مساجد کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے واقعات میں اضافہ کے سبب مساجد کو دوبارہ بند کرنے کے بارے میں غور کریں۔

انہوں نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں دیگر تمام مساجد کے ذمہ داروں سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ عوام سے گھروں میں ہی نماز پڑھنے کی اپیل کریں اور مساجد کو آنے کی زحمت نہ کریں۔ واضح رہے کہ 8 جون سے مرکزی حکومت کی جانب سے رہنمایانہ ہدایت کے مطابق جامع مسجد دہلی کو بھی کھول دیا گیا تھا۔ملک کے دارالحکومت میں بڑھتے کوویڈ۔19 کے واقعات کے پیش نظر جامع مسجد کو دوبارہ بند کردیا گیا ہے۔