جے پور: ملک کے موجودہ صورت حال میں تدارکی اقدمات پر زور دیتے ہوئے امیر جامعہ ہدایہ جے پور،آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے کہا ہے کہ پیشہ وارانہ تعلیم میں شراکت کو یقینی بنانے کیلئے جامعہ ہدایہ کے فاضلین کو اشکالرشپ دی جائے گی۔ یہ اعلان انہوں نے جامعہ ہدایہ سے ایک سالہ افتا ء کورس مکمل کرنے والے طلبہ کیلئے منعقدہ جلسہ تقسیم اسناد میں کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جامعہ ہدایہ نے اپنے ابتدائی ایام سے ہی عصری اور پیشہ وارانہ تعلیم پر زور دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں اس وقت کمپیوٹر کورس شروع کیا گیا تھا جب یونیورسٹی تک میں کمپیوٹر کورس شروع نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اس سال سے جامعہ کے فارغ طلبہ کوپیشہ وارانہ تعلیم دینے کیلئے فی الحال 15لاکھ روپے کے فنڈ کا انتظام کیا گیا ہے جسے بڑھاکر ایک کروڑ روپے کردیا جائے گا۔ تاکہ جامعہ کے فارغین طلبہ ڈاکٹر، انجینئر، وکیل، سول سروس اور دیگر پیشہ وارانہ کورس مکمل کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ جب اس طرح کے طلبہ میدان عمل میں قدم رکھیں گے تو سماج میں ایک انقلاب آئے گا۔