لندن : لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ جان سے مارنے کی دھمکیوں نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔برطانوی اخبار گارڈین سے بات کرتے ہوئے صادق خان نے کہا کہ وہ ان دھمکیوں کے اثرات سے نمٹ رہے ہیں۔ان سے پوچھا گیا کیا ان کو ’پوسٹ ٹرامیٹک سٹریس ڈس آرڈر‘ (پی ٹی ایس ڈی) یا ذہنی صحت پر صدمے کے اثرات کا سامان ہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں۔ میرا ایک بہترین دوست جو ڈاکٹر ہیں ہم اس کے بارے میں بات کرتے ہیں۔‘صادق خان جو اگلے سال تیسری مدت کے لیے بھی میئر کا انتخاب لڑیں گے، نے گارڈین کو بتایا کہ ’کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کی وجہ سے میں نے اپنی جاذبیت کھو دی تھی، زندہ دل نہیں رہا اور اپنی ٹیم کو بھی متاثر نہیں کر پا رہا تھا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ کافی وقت گزارا اور اس نے میری ذہنی صحت پر اثر ڈالا۔ پی ٹی ایس ڈی سمجھنے کے لیے میں نے مدد لی۔‘’اگر خیال نہ رکھا جائے تو ذہنی صحت ایک نازک معاملہ ہے اور مجھے اس کے بارے میں بات کرنے سے نہیں گھبرانا چاہیے۔‘صادق خان کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ میئر ذہنی صحت کے حوالے سے معاشرے میں پائے جانے والے سٹگما کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ لوگ پی ٹی ایس ڈی پر بات کریں۔