سنگاریڈی میں شعو بیداری پروگرام، مناسب علاج پر زور ، شریمتی سوجیتا ضلع قانونی خدمات اتھاریٹی سکریٹری کا خطاب
سنگا ریڈی۔ 3 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عالمی یومِ کینسر کے موقع پر ضلع قانونی خدمات اتھارٹی سنگاریڈی کی سرپرستی میں درگابائی دیشمکھ ویمنس کمپلیکس سنگاریڈی میں واقع گورنمنٹ نرسنگ کالج میں پروگرام منعقد کیا گیا۔اس ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کی سکریٹری بی۔ سوجنیا نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور پروگرام کا افتتاح کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کینسر اس وقت دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی ایک جان لیوا بیماری بن چکی ہے، تاہم اگر اس بیماری کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہو جائے اور بروقت و مناسب علاج کیا جائے تو اس پر مکمل طور پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت پر خصوصی توجہ دیں، بالخصوص خواتین اور نوجوان اپنی صحت کے معائنے کو نظرانداز نہ کریں۔ طلبہ کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت طبی سہولیات، صحت کے معائنے اور علاج کی سہولتوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ کینسر کے متعلق معاشرے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں اور خوف کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔پروگرام کے دوران طلبہ میں کینسر سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے معلوماتی پوسٹرس و کتابچے تقسیم کئے گئے۔ پروگرام کے اختتام پر طلبہ نے کینسر سے بچاؤ کا عہد بھی کیا۔اس موقع پر بی۔ سوجنیا نے کہا کہ ضلع قانونی خدمات اتھارٹی عوام کی صحت کے تحفظ، قانونی شعور اور سماجی فلاح و بہبود کے پروگراموں کے انعقاد میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔اس پروگرام میں گورنمنٹ نرسنگ کالج کے پرنسپل، تدریسی عملہ، طلبہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔