مگرمچھ سڑک پر نمودار ، دیگر جانور بشمول شیر محفوظ
حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) نرمل میں جانوروں کو منتقل کرنے والی گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی۔ اس گاڑی میں زو کے جانور تھے ۔ حادثہ کے فوری بعد مگر مچھ سڑکوں پر نمودار ہوگئے۔ اطلاع کے ساتھ ہی محکمہ جنگلات اور پولیس کی ٹیمیں مقام حادثہ پہنچیں اور راحت کاری اقدام کو انجام دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جانوروں کو منتقل کررہی گاڑی اُلٹ گئی ۔ یہ حادثہ مونڈی گوٹ گاؤں کے قریب پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق گاڑی جانوروں کو لیکر بہار کے پٹنہ سے کرناٹک بنگلورو جارہی تھی۔ پٹنہ میں واقع سنجے گاندھی نیشنل زو پارک سے مختلف قسم کے جنگلی جانوروں کو بنگلورو کے بائیراگٹا نیشنل زو پارک منتقل کیا جارہا تھا اور دو گاڑیاں پٹنہ سے بنگلورو کیلئے روانہ ہوئی تھیں جن میں ایک حادثہ کا شکار ہوگئی اور گاڑی میں دیگر جانوروں کے ساتھ موجود مگرمچھ گاڑی سے نکل کر سڑک پر آگئے تاہم عملے نے انہیں پکڑ لیا۔ اس گاڑی میں مگرمچھ کے علاوہ دیگر نایاب جانور جن میں قابل ذکر سفید شیر بھی شامل تھا۔ اور تمام دیگر جانور محفوظ رہے۔سپرنٹنڈنٹ پولیس نرمل جانکی شرمیلا نے اس آپریشن کی نگرانی کی۔ ع