جاپان میں سیاسی جماعت کی قیادت مصنوعی ذہانت کے سپرد

   

ٹوکیو، 17 ستمبر (یو این آئی) جاپان کی ایک نئی سیاسی جماعت نے اعلان کیا ہے کہ وہ پارٹی کی قیادت مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے حوالے کرے گی۔ یہ جماعت پاتھ ٹو ری برتھ رواں سال جنوری میں سابق میئر شنجی ایشی مارو نے قائم کی تھی، پارٹی کا کوئی باضابطہ منشور موجود نہیں ہے اور اراکین کو اپنی مرضی کے مطابق ایجنڈا رکھنے کی آزادی دی گئی ہے ۔ ایشی مارو نے 2024ء کے ٹوکیو گورنر کے انتخابات میں غیر متوقع طور پر دوسرا نمبر حاصل کیا تھا جس کی وجہ ان کی کامیاب آن لائن مہم تھی تاہم، ایوانِ بالا کے حالیہ انتخابات میں بدترین شکست کے بعد انہوں نے پارٹی کی قیادت چھوڑ دی تھی۔