ٹوکیو : چاند کی ناہموار اور سنگلاخ سطح پر بھارت کے پرگیان کی کامیاب لینڈنگ کے بعد اب جاپان نے بھی اپنی ایک چاند گاڑی ، چاند کی جانب روانہ کر دی ہے۔یہ گاڑی چاند کے مدار میں تو جلد ہی پہنچ جائے گی، لیکن وہ اترنے میں کئی مہینے لگا سکتی ہے۔ امکان یہ ہے کہ وہ اگلے سال کے شروع میں چاند کی سطح کو چھوئے گی۔ اگر چاند گاڑی اپنا مشن مکمل کرنے میں کامیاب رہی تو جاپان چاند پر اپنے سائنسی آلات کی لینڈنگ کرنے والا پانچواں ملک بن جائے گا۔ اس سے پہلے امریکہ، روس، چین اور ہندوستان اپنی روبوٹک گاڑیاں چاند پر اتار چکے ہیں۔ جاپان کے خلائی تحقیق کے ادارے جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی نے 7 ستمبر جمعرات کو تاینگا شیما کے خلائی مرکز سے ایچ ٹو اے راکٹ کی روانگی کا منظر براہ راست دکھایا۔