ٹوکیو ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے نئے شہنشاہ ناروہیتو نے نئے سال 2020ء کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں یہ امید ظاہر کی کہ نیا سال بغیر کسی قدرتی آفات کے گزرجائے تو اس سے اچھی اور کوئی بات نہیں ہوسکتی۔ تاجپوشی کے بعد پہلی بار بحیثیت شہنشاہ انہوں نے ہزاروں افراد سے پہلی بار نئے سال کا خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس وقت ہزاروں افراد اپنے ہاتھوں میں جاپانی پرچم تھامے ہوئے تھے اور جاپانی زبان میں ’’نیزائی‘‘ (طویل زندگی) دہراتے جارہے تھے۔ شہنشاہ نے کہا کہ انہیں اس بات کی بیحد خوشی ہیکہ وہ عوام کے ساتھ نیا سال منارہے ہیں لیکن انہیں اس بات کا دکھ بھی ہیکہ طوفان سے متاثرہ ہزاروں افراد کو مشکلات کا بھی سامنا ہے۔ شہنشاہ کے ساتھ اس وقت ملکہ مساکو بھی تھیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نیا سال بغیر کوئی قدرتی آفات کے پرامن طور پر گزر جائے گا۔