چیف منسٹر ریونت ریڈی کا جاپان کے شہر کیتا کشو کا دورہ، بُلٹ ٹرین میں سفر، میئر نے شہر کی ترقی کی تفصیلات سے واقف کرایا
حیدرآباد۔/20 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جاپان کی ایکو ٹاون کمپنیوں کے ساتھ تلنگانہ حکومت کے اشتراک کا معاہدہ کیا جس کے تحت حیدرآباد میں ایکو ٹاون قائم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے جاپانی کمپنیوں کو میٹرو ریل، فیوچر سٹی، ریجنل رنگ روڈ، ریڈئیل روڈ اور موسی ریور پراجکٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ مذکورہ پراجکٹس میں جاپانی کمپنیوں کیلئے بہتر مواقع موجود ہیں۔ چیف منسٹر کی زیر قیادت وفد نے آج جاپان کے کیتاکشو شہر کا دورہ کیا جہاں کے میئر کازوہیسا ٹاکیچی نے خیرمقدم کیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو اور اعلیٰ سطحی وفد نے بلٹ ٹرین میں اوسن اوساکا سے کیتا کشو تک کا سفر کیا۔ یہ شہر دنیا بھر میں ماحولیاتی تحفظ کیلئے منفرد شناخت رکھتا ہے اور مختصر مدت میں آلودگی سے متاثر اس شہر کو آلودگی سے پاک شہر میں تبدیل کردیا گیا۔ میکئر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ان کے وفد کا استقبال کرتے ہوئے تاریخی مقامات کا دورہ کرایا جس میں کوکورا کیسل ، سمورائی تلوار اور ٹائیکو ڈرم بٹس شامل ہیں۔ میئر نے شہر کی ترقی کے مختلف مراحل کی تفصیلات پیش کی اور کہا کہ صنعتوں کے نتیجہ میں آلودگی میں اضافہ ہوچکا تھا۔ میئر کازوہیسا ٹاکیچی نے تیقن دیا کہ ان کی حکومت حیدرآباد اور تلنگانہ کے حکام کے ساتھ اشتراک کے ساتھ دلچسپی رکھتی ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کیلئے ٹکنالوجی کا تبادلہ عمل میں لایا جائیگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جاپانی کمپنیوں سے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سرکیولر اِکانومی، ویسٹ مینجمنٹ، فری سائیکلنگ اور ماحولیاتی بحالی جیسے شعبہ جات میں باہمی تعاون ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع میں اضافہ و معاشی استحکام پر توجہ دی جائے گی۔ حکومت تلنگانہ نے جن اداروں کے ساتھ معاہدے کئے ان میں ایکس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، P9LLC ، نپون اسٹیل انجینئرنگ، نیو کیمیکل ٹریڈنگ اور امیتا ہولڈنگس شامل ہیں۔ انہوں نے جاپان کے شہر اور حیدرآباد کے درمیان رشتوں کے استحکام کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں نیٹ زیرو فیوچر سٹی کے قیام میں جاپانی اداروں کا اہم رول رہے گا۔ وزیر صنعت سریدھر بابو نے تلنگانہ اور جاپانی اداروں کے درمیان تعاون اور اشتراک کے امکانات کی تفصیلات پیش کی۔ جاپانی حکام نے حیدرآباد اور جاپانی شہر کو مربوط کرنے راست فلائیٹ کی تجویز پیش کی۔ حیدرآباد میں جاپانی زبان کا اسکول قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ کیتا کشو جاپان کا شمالی علاقہ ہے اور ایک مشہور جزیرہ نما کی حیثیت رکھتا ہے۔ شہر میں کئی سیاحتی مقامات نے خوبصورتی میں اضافہ کا کام کیا ہے۔ مقامی حکام نے چیف منسٹر اور اُنکی ٹیم کو ’ اسٹڈی ٹرپ‘ کے تحت ریور میوزیم کا معائنہ کرایا۔ انڈسٹریل ری سائیکلنگ فیسلیٹی کا چیف منسٹر نے معائنہ کیا۔ بارش کے دوران بھی چیف منسٹر اور ٹیم نے دورہ جاری رکھا۔1