جاں بحق زائرین کے 39 رشتہ دار مدینہ منورہ پہنچ گئے

,

   

ڈی این اے ٹسٹ اور شناخت کا آغاز، وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین کی متاثرہ خاندانوں سے ملاقات

حیدرآباد۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) مدینہ منورہ کے قریب بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والے حیدرآباد کے زائرین عمرہ کے رشتہ دار آج مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ اور رکن اسمبلی ماجد حسین نے ایئرپورٹ پر مہلوکین کے رشتہ داروں کو رسیو کیا۔ ہندوستانی سفارتخانہ اور جدہ میں قونصلیٹ کے عہدیدار بھی ضروری سرکاری امور کی تکمیل کے لئے موجود تھے۔ تلنگانہ حکومت نے نعشوں کی شناخت اور تدفین میں تعاون کے لئے مرحومین کے 39 قریبی رشتہ داروں کو مدینہ منورہ سرکاری خرچ پر روانہ کیا ہے۔ حکومت نے 7 روزہ دورہ کا اہتمام کیا جس میں قیام و طعام کی سہولت کے علاوہ واپسی میں عمرہ کی سعادت حاصل ہوگی۔ مہلوکین کے رشتہ دار کویت کے راستہ مدینہ پہنچے اور کویت میں مختصر توقف رہا۔ مدینہ ایئرپورٹ پر جیسے ہی طیارہ نے لینڈنگ کی جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ جاں بحق افراد کے بعض رشتہ دار اپنے طور پر پہلے ہی مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ محمد اظہر الدین اور ہندوستانی ٹیم کے ارکان نے حیدرآباد سے پہنچنے والے رشتہ داروں کا استقبال کیا اور تیقن دیا کہ تمام سرکاری امور کی جلد تکمیل کرتے ہوئے تدفین کا انتظام کیا جائے گا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے سوگوار پسماندگان کو پرسہ دیا اور صبر کی تلقین کی۔ ایئرپورٹ سے 38 رشتہ داروں کو ڈی این اے ٹسٹ کے لئے روانہ کردیا گیا۔ ڈی این اے ٹسٹ کے ذریعہ نعشوں کی شناخت کی جائیگی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد اظہر الدین نے کہا کہ ڈی این اے کی تکمیل کے بعد تدفین کے انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ جنت البقیع میں تدفین کی مساعی کامیاب ہوگی۔ سعودی عرب کی وزارت اوقاف و حج کے عہدیداروں سے بھی ہندوستانی وفد نے بات کی۔ ہندوستانی سفیر اور قونصل جنرل جدہ بھی مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔ اظہر الدین نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی روزانہ کی رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں اور وہ وفد سے رابط میں ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فی کس 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا کے علاوہ خاندانوں کی ہر ممکنہ مدد کا بھروسہ دلایا ہے۔ محمد اظہر الدین نے جدہ میں قونصل جنرل فہد احمد خاں سوری کے ہمراہ سعودی حکام سے بات چیت کی۔ ہندوستانی سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خاں نے بھی تلنگانہ کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے تدفین اور شناخت کے انتظامات سے واقف کرایا۔ محمد اظہر الدین سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی تارکین وطن سے ربط میں ہیں اور ہندوستانی تنظیموں کے نمائندے تعاون کے لئے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ اظہر الدین نے ہاسپٹل پہنچ کر حادثہ میں محفوظ رہنے والے نوجوان شعیب سے ملاقات کی اور انہیں بہتر علاج کا بھروسہ دلایا۔ مہلوکین کے کئی رشتہ دار اور دوست احباب سعودی عرب کے مختلف شہروں سے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ ڈی این اے ٹسٹ اور شناخت کی عاجلانہ تکمیل کی صورت میں جمعہ کو جنت البقیع میں تدفین عمل میں آئے گی۔ 1