جدوجہد آزادی میں بافندوں کا اہم رول : گورنر سوندرا راجن

   

عوام کوہینڈلوم کی اشیاء خریدنے کا مشورہ، راج بھون میں بافندوں کو تہنیت

حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گورنر ٹی سوندرا راجن نے ’’ نیشنل ہینڈلوم ڈے ‘‘ کے موقع پر راج بھون میں منعقدہ تقریب میں بافندوں کو تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں بافندوں کا اہم رول رہا ہے اور قومی تحریکات میں ان کی حصہ داری کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بافندوں کی بھلائی پر مزید توجہ کی ضرورت ہے اور وہ مزید مراعات کے مستحق ہیں۔ گورنر نے 2015 میں ٹاملناڈو میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ’ نیشنل ہینڈلوم ڈے ‘ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا حوالہ دیا اور کہا کہ بافندوں نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تیار کردہ اشیاء کو نمائش کیلئے پیش کیا تھا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بافندوں کی مدد کیلئے ہینڈلوم کی اشیاء کی خریداری کریں۔ انہوں نے تلنگانہ پوسٹل سرکل کی جانب سے خصوصی کور جاری کرنے کی ستائش کی جس کے ذریعہ ہینڈلوم کی اشیاء کو فروغ دیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب راج بھون میں ’ ہینڈلوم ڈے ‘ تقریب منعقد ہوئی جس میں ریاست بھر کے 50 بافندوں نے شرکت کی۔ گورنر کے سکریٹری کے سریندر موہن اور سکریٹری ہینڈلوم شیلجا رمیار اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔