ریاض ۔ سعودی عرب نے جدہ فیول ٹینک پر حملے کے تناظرمیں دہشت گرد حوثیوں کے حملے بند کروانے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خط لکھ دیا۔ سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جدہ فیول ٹینک پرحملے کے خلاف سعودی عرب کی جانب سے ایران نواز حوثیوں کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے تحریری شکایت کردی گئی۔سعودی عرب کی جانب سے دائرکی جانے والی تحریری شکایت میں مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل حوثیوں کے دہشت گردانہ حملے بندکروائے۔ سعودی عرب نے کہا کہ وہ اپنی سرزمین اور عوام کو حوثیوں کے دہشت گردانہ حملوں سے بچانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ یاد رہے کہ سعودی وزارت توانائی کے عہدیدارکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی جدہ کے پٹرول اسٹیشن پر حوثیوں کے دہشت گردانہ حملے سے آگ بھڑک اٹھی جسے فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے ریکارڈ وقت میں بجھا دیا۔ ویب سائٹ کے مطابق ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی فورم کے سیکریٹری جنرل جوزف میٹ مینگل نے جدہ فیول ٹینک پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی جدہ کے فیول ٹینک پر دہشت گردانہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جبکہ کووڈ 19 کورونا وائرس کے منفی اثرات عالمی معیشت اور عالمی تیل منڈیوں کو اپنی گرفت میں لیے ہوئے ہیں اور پوری دنیا تیل منڈیوں کے استحکام کیلئے عالمی تعاون کو فروغ دے رہی ہے۔