جدہ میں جناب عامر علی خاں کا خیر مقدم

   

خدمت خلق کے جذبہ سے قوم کی خدمت ، نیوز ایڈیٹر سیاست کا خطاب
جدہ ۔ 10 ۔ فروری : ( عارف قریشی ) : انڈین کلچرل سوسائٹی و بزم عثمانیہ جدہ کی جانب سے جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کا شاندار انداز میں جدہ میں خیر مقدم کیا گیا ۔ عارف قریشی صدر سوسائٹی و بزم نے عامر علی خاں کو مدینہ منورہ کی زیارت اور عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ روزنامہ سیاست ایک اخبار نہیں بلکہ ایک تحریک ہے سیاست اخبار کے ذریعے ملت کے دیگر شعبوں میں ملی ، دینی ، سماجی اور فلاحی خدمات انجام دیے جارہے ہیں جو قابل فخر ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم نے کمپیوٹر ٹریننگ کے ذریعہ حیدرآبادی نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کیا ہے ۔ ادارہ سیاست T.V کے ذریعے نئی نسل کو ہر طرح کے معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ ہم نے AMAZON کمپنی کے ذریعہ اگست 2024 سے اگست 2025 تک 206 بے روزگار نوجوانوں کو قطر ، سعودی عرب ، کویت اور مسقط روانہ کیا ہے ۔ ان نوجوانوں کو ہر ماہ ایک لاکھ پچاس ہزار روپئے تنخواہ دی جاتی ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے مزید کہا کہ ویژن 2030 کے تحت ایک لاکھ لوگوں کو لکھ پتی بنانے کے لیے کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نکاح کرنا سنت ہے اور نکاح کو آسان سے آسان طریقہ سے انجام دینا بھی سنت ہے ۔ ہم نے دو بہ دو پروگرام کے ذریعے مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیاں کروائی ہیں ۔ ان کی زندگیاں سنواری ہیں انہوں نے کہا کہ شادی بیاہ تقاریب میں فضول خرچی اور غیر شرعی رسومات سے پرہیز کریں ۔ خاص طور سے این آر آئیز کو ان فضول خرچی سے دور رہنا چاہئے کیوں کہ این آر آئیز کو ایک نہ ایک دن اپنے ملک اپنے شہر کو واپس لوٹنا ہے ۔ اپنی محنت کی کمائی سے مستقبل سنوارنا ہے اور نئی زندگی کی شروعات کرنی ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے مزید کہا کہ روزنامہ سیاست کے ذریعہ ہم خدمت خلق کے جذبہ سے بلالحاظ مذہب و ملت عوام کی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ہماری ان خدمات سے آج سینکڑوں لوگ استفادہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جناب زاہد علی خاں صاحب ایڈیٹر روزنامہ سیاست اپنی تقریروں میں کئی بار کہہ چکے ہیں ۔ شادی بیاہ میں فضول خرچ نہ کرو اور شادی میں ایک میٹھا اور ایک بریانی پیش کیا کرو اس سے لڑکے والے اور لڑکی والوں دونوں کو بچت ہوگی ۔ عارف قریشی کے ایک سوال کے جواب میں عامر علی خاں نے کہا کہ SIR حیدرآباد میں بہت جلد نافذ ہوگا ۔ اس کے لیے ہر ایک کو چاہیئے کہ اپنے ضروری دستاویزات تیار رکھیں ۔ عارف قریشی کے دوسرے سوال کے جواب میں عامر علی خاں نے کہا کہ جو تارکین وطن عرب ممالک میں برسرروزگار ہیں ان کے لیے SIR میں نرمی کے لیے حکومت سے نمائندگی کی جارہی ہے ۔ عامر علی خاں نے بتایا کہ ریاض میں سعودی عرب کے سعودی میڈیا فورم کے زیر اہتمام سہ روزہ کانفرنس میں شرکت کیلئے ریاض آئے تھے یہ کانفرنس انتہائی کامیاب رہی ۔ عامر علی خاں نے کہا کہ حیدرآباد ہندو مسلم اتحاد کا علمبردار ہے ۔ گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے اس کو قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبادی NRI’s کی خدمات قابل رشک ہیں ۔ ہمارے NRI’s تعلیم اور سچی لگن اور ایمانداری سے عرب ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اپنی یونیورسٹی ، اپنے ملک اور شہر کا نام روشن کررہے ہیں ۔ اس خیر مقدمی تقریب میں شرکت کرنے والے بزم عثمانیہ کے جنرل سکریٹری سید یوسف حسین ، سید یوسف کے علاوہ دیگر احباب شامل تھے ۔ اس موقع پر جناب عامر علی خاں کی شال پوشی کی گئی ۔ عارف قریشی نے شکریہ ادا کیا ۔۔