جدید کلکٹریٹ، ایک عمارت، 28 دفاتر

   

عوام کی سہولیات کیلئے خصوصی اقدامات، نظام آباد میں تعمیری کاموں کا جائزہ، ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کی صحافیوں سے بات چیت

نظام آباد ۔ وزیر عمارت و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی نے آج اراکین اسمبلی نظام آباد اربن بیگالہ گنیش گپتا ، باجی ریڈی گوردھن نظام آباد رورل ، ایم ایل سی وی جی گوڑ ، ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی کے ہمراہ بائی پاس روڈ پر تعمیر کئے جانے والے انٹی گریٹیڈیٹ کلکٹریٹ کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا ۔ واضح رہے کہ جدید کلکٹریٹ کی عمارت کے تعمیری کام مکمل ہوچکے ہیں ۔ عنقریب چیف منسٹر مسٹر چندرشیکھر رائو جس کا افتتاح کرنے والے ہیں اس سے قبل ضلع کے وزیر مسٹر پرشانت ریڈی نے آج ضلع کلکٹر ، آراینڈ بی کے عہدیدار ، ارکان اسمبلی ، ایم ایل سیز کے ہمراہ جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر کے دورہ سے قبل اسے مکمل کرنے کی ہدیات دی ۔بعدازاں انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اضلاع کے تشکیل جدید کے بعد 1650 کروڑ روپئے سے 25 نئے انٹی گریٹیڈٹ کلکٹریٹ کی تعمیر کی جارہی ہے اور ایک ہی چھت کے نیچے تمام دفاتر کو عوام کی سہولت کیلئے دستیاب رکھا جارہا ہے ۔ نظام آباد میں 1.60 لاکھ اسکوار فٹ پر 60 کروڑ سے عمارت کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے اور عمارت میں 28 دفاتر ایک ہی چھت کے نیچے کام کریں گے اور عمارت کی خصوصیت یہ ہے کہ عوام سے ملاقات کیلئے ایک چیمبر یعنی ریاستی وزیر کیلئے خصوصی چیمبرتعمیر کیا جارہا ہے اضلاع کا دورہ کرنے والے وزیر سے عوام راست طور پر یہاں پر ملاقات کرسکتے ہیں اور 200 افرادکو بیٹھنے کیلئے ایک بڑا ہال تعمیر کیا گیا ہے جس میں عوام ، ضلع کلکٹر و دیگر عہدیدار ایک ہی مرتبہ ان سے ملاقات کرسکتے ہیں ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ بائی پاس سڑک کی تعمیر بھی عمل میں لائی جارہی ہے اور اس علاقہ کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر ہال ہی میں کاماریڈی ، ورنگل ، سدی پیٹ کی عمارتوں کا افتتاح کیا ہے اور عنقریب نظام آباد کلکٹریٹ کا افتتاح کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں تمام سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس میں دلچسپی دکھاتے ہوئے رکن اسمبلی نظام آباد اربن گنیش گپتا اور باجی ریڈی گوردھن خصوصی طور پر اقدامات کررہے ہیں جس پر انہوں نے ان سے اظہار تشکر کیا ۔