جذباتی اور فریبی باتوں پر ووٹ کو ضائع نہ کریں

   

Ferty9 Clinic

سکندرآباد میں کانگریس کی لہر، مشیرآباد میں انجن کمار یادو کی عوام سے ملاقات

حیدرآباد 9 اپریل (سیاست نیوز) صدر حیدرآباد سٹی کانگریس و امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد انجن کمار یادو نے بی جے پی کے انتخابی منشور کو دھوکہ اور فریب قرار دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کو انتخابات سے قبل ہی رام مندر یاد آتا ہے۔ کانگریس پارٹی نے اقلیتوں کے بشمول سماج کے تمام طبقات کی خوشحالی کے لئے منشور جاری کیا ہے۔ انتخابی مہم کے آخری دن انجن کمار یادو نے اسمبلی حلقہ مشیرآباد کے رام نگر ڈیویژن میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور فیصلہ کی گھڑی میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنے جذباتی اور فریبی باتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنے ووٹ کو ضائع نہ کرنے کا مشورہ دیا اور کہاکہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں کانگریس کی لہر چل رہی ہے۔ اس لہر میں ٹی آر ایس اور بی جے پی بہہ جانے کا دعویٰ کیا۔ انجن کمار یادو نے کہاکہ ٹی آر ایس اور بی جے پی عوامی اعتماد سے محروم ہوگئے ہیں۔ ریاست اور مرکز میں کانگریس متبادل بن کر تیزی سے اُبھر رہی ہے۔ دونوں ہی جماعتیں عوام سے کئے گئے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ایسی جماعتوں پر دوبارہ بھروسہ کرنا اپنے مستقبل کو تاریک بنانے کے مترادف ہوگا۔ بی جے پی صرف نفرت پھیلارہی ہے اور ٹی آر ایس نفرت پھیلانے والی بی جے پی کی تائید کررہی ہے۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ معاہدہ ہوگیا ہے۔ ٹی آر ایس کو دیا جانے والا ووٹ بی جے پی کو مستحکم کرے گا لہذا وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں ٹی آر ایس پر بھروسہ نہ کریں۔ انجن کمار یادو نے کہاکہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے کامیابی حاصل کرنے کے لئے ٹی آر ایس اور بی جے پی پیسہ پانی کی طرح بہارہی ہے۔ لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہونے کے باوجود پولیس اور الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انجن کمار یادو نے کانگریس کے قائدین اور کارکنوں کو سپاہی کی طرح کام کرتے ہوئے کانگریس کو کامیاب بنانے ملک اور دستور کو بچانے کے لئے کمربستہ ہوجانے کا مشورہ دیا۔ انجن کمار یادو نے کہاکہ ان کی کامیابی یقینی ہے۔ عوام کا ان کے ساتھ تعاون اس بات کی ضمانت ہے۔ وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور کامیابی کے بعد حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں قیام کرتے ہوئے عوام کو 24 گھنٹے دستیاب رہیں گے۔ انھوں نے کہاکہ ملک میں راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کیلئے انھیں کامیاب بنانا ضروری ہے۔