جرائم و حادثات

   

سڑک حادثات میں چار افراد بشمول طالب علم ہلاک
حیدرآباد /26 فروری ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں چار افراد بشمول ایک طالب علم ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے ۔ ونستھلی پورم پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ سید اسماعیل اور سید غوث جو بھائی تھے کتہ گوڑہ فروٹ مارکٹ میوکے خریداری کیلئے گئے تھے ۔ 48 سالہ سید اسماعیل حفیظ پیٹ اور سید غوث 40 سال مشیرآباد علاقہ کے ساکن تھے ۔ دونوں بھائی اپنے آٹو میں سید غوث کے فرزند سید سلیمان کے ہمراہ میوہ کی خریداری کیلئے کتہ گوڑہ روانہ ہوئے اور میوہ کی خریداری کے بعد واپس ہو رہے تھے کہ ونستھلی پورم کے علاقہ میں ششما جنکشن پر حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں تینوں زخمی ہوگئے اور دونوں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکے ۔ جبکہ سید سلیمان جس کی عمر 15 سال بتائی گئی ہے زخمی ہوگیا ۔ پولیس ونستھلی پورم کے مطابق ان کے آٹو کو کسی نامعلوم گاڑی نے پیچھے سے ٹکر دے دی یا پھر آٹو بے قابو ہونے کے سبب سڑک کی آئرن ریلنگ سے ٹکرا گیا ۔ حادثہ کے فوری بعد شدید زخمی حالت میں انہیں عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ حیات نگر پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 35 سالہ شیخ عظمت فوت ہوگیا ۔ شیخ عظمت پٹیل نگر نامپلی علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ عظمت پیشہ سے ڈرائیور تھا جو اپنے 12 سالہ لڑکے شیخ ریان کے ہمراہ عزیز الحق کے آٹو میں نلگنڈہ سے نامپلی واپس ہو رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا ۔ 20 فروری کو یہ حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں شدید زخمی شیخ عظمت علاج کے دوران کل فوت ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 14 سالہ جیونت جو بنڈلہ گوڑہ جاگیر علاقہ کا ساکن وینکٹ کرشنا کمار کا بیٹا تھا ۔ اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر 20 فروری کو گذ ر رہا تھا کہ یو ٹرن لینے کے دوران موٹر سائیکل حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ اس حادثہ میں شدید زخمی جیونت کل فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

لنگر حوض جھیل میں باپ اور بیٹا غرق
جی ایچ ایم سی کی لاپرواہی پر عوام کی شدید برہمی
حیدرآباد /26 فروری ( سیاست نیوز ) پانی میں ڈوب رہے بیٹے کو بچانے کی کوشش میں باپ بھی غرقاب ہوگیا ۔ یہ افسوسناک واقعہ لنگر حوض جھیل میں پیش آیا جہاں 38 سالہ محمد کریم اور ان کا 15 سالہ لڑکا ساحل جھیل میں غرقاب ہوگئے ۔ اسکول کی چھٹی ہونے کے سبب ساحل والد کے ساتھ جھیل گیا تھا ۔ کریم پیشہ سے جی ایچ ایم سی میں آوٹ سورسنگ ملازم بتایا گیا ہے ۔ اس واقعہ پر بلدی حکام کو ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے ۔ چونکہ کریم جو جھیل کی صفائی پر مامور تھا ۔ انہیں کوئی احتیاطی آڈت نہیں دئے گئے اور کم از کم لائیو جاکٹ بھی نہیں دیا گیا ۔ ان دنوں لنگر حوض جھیل کی صفائی کا کام جارہی ہے ۔ لنگر حوض حڈا پارک کے قریب جھیل میں صفائی کا کام جاری ہے ۔ محمد کریم آج دوپہر اپنے بیٹے ساحل کو لیکر حڈا پارک پہونچے اور بچہ کو کھیل کیلئے چھوڑ کر اپنے فرائض انجام دینے میں جٹ گیا ۔ اس دوران ساحل بھی والد کے کام کا مشاہدہ کر رہا تھا کہ اس دوران وہ پانی میں موجود کیچڑ میں پھنس گیا ۔ اور اپنے والد کو مدد کیلئے آواز دی ۔ اس دوران بیٹے کو پانی میں ڈبوتا ہوا دیکھ کر کریم فوری بیٹے کو بچانے کیلئے پہونچا تاہم اس دوران باپ اور بیٹا دونوں غرقاب ہوگئے ۔ اطلاع کے بعد مقامی بلدی حکام اور پولیس لنگر حوض جھیل پہونچی اور نعشوں کو پانی سے نکال کر ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد مقامی عوام میں شدید برہمی پیدا ہوگئی ۔ بلدی حکام کی مبینہ لاپرواہی اور احتیاطی آلات فراہم نہ کرنا حکام کی مجرمانہ غفلت ہے ۔ جس کے سبب ایک خاندان تباہ و بربات ہوگیا اور بلدی حکام کی لاپرواہی دو جانوں کی ہلاکت کا سبب بن گئی ۔ مقامی عوام نے کریم کے خاندان کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے اس خاندان کو سرکاری کفالت اور بھاری معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور متعلقہ بلدی حکام کے خلاف لاپرواہی کیلئے قانونی کارروائی کا مقامی سطح پر پرزور مطالبہ کیا جارہا ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع

شٹر لفٹنگ ٹولی بے نقاب
مسروقہ رقم ضبط
حیدرآباد /26 فروری ( سیاست نیوز ) فٹ پاتھ پر زندگی بسر کرتے ہوئے دکانات کو نشانہ بنانے والی ایک شٹر لفٹنگ ٹولی کو پولیس نے بے نقاب کردیا ۔ سی سی ایس ملکاجگیری اور اپل پولیس نے مشترکہ کارروائی میں تین سارق 48 سالہ محمد قدیر ، 48 سالہ خالد ساکنان وقارآباد اور 42 سالہ شیخ عبدالمعین ساکن پہاڑی راجندر نگر کو گرفتار کرلیا۔ اپل حدود میں ان تینوں نے ایک کرانہ دوکان میں سرقہ کرتے ہوئے لاکھوں روپئے لوٹ لئے تھے ۔ دکان کے باہر موجودہ سی سی ٹی وی کیمروں کو بند کرنے کے بعد شٹر توڑ کر اندر داخل ہوئے تاہم دکان میں موجودہ کیمروں میں ریکارڈ کرلئے گئے پولیس نے اس فوٹیج کی مدد سے ان سارقوں کی شناخت کرلی اور ایک کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 5 لاکھ 20 ہزار روپئے ضبط کرلئے ۔ دکانداروں نے جس دکان میں سرقہ کیا گیا تھا پولیس کو دی گئی شکایت اور بیان میں 7 لاکھ سرقہ کا ذکر کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار سارقین آپس میں اچھے دوست ہیں اور روزانہ کی مزدوری پر کام کرتے ہیں ا ور فٹ پاتھ پر زندگی بسر کرتے ہیں۔ ع

تالاب کٹہ میں گرم پانی کی زد میں آنے سے چھوٹے بچہ کی موت
حیدرآباد /26 فروری ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ تالاب کٹہ میں پیش آئے دلسوز واقعہ میں ایک 12 ماہ کا بچہ فوت ہوگیا ۔ بھوانی نگر پولیس کے مطابق شیخ عفان جس کی عمر 12 ماہ بتائی گئی ہے ۔ تالاب کٹہ علاقہ کے ساکن شیخ نبی کا بیٹا تھا ۔ نبی پیشہ سے ٹائیلر ورکر بتایا گیا ہے ۔ 16 فروری کو بچہ نے کھیل کے دوران گرم پانی اپنے اوپر گرالیا ۔ گھر میں عفان کو سردی کی شکایت رہتی تھی جس کے سبب گرم پانی سے علاج کرنے کیلئے پانی کو رکھا گیا ۔ گرم پانی کے برتن کو رکھنے کے بعد عفان کی والدہ کام میں مصروف ہوگئی اور بچہ کھیل کے دوران برتن کے قریب پہونچا اور گرم پانی کی زد میں آکر شدید متاثر ہوگیا ۔ جس کو فوری مقامی ہاسپٹل اور پھر 21 فروری کو نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران عفان کل فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کا پردہ فاش ، تین افراد بشمول ایک گانجہ اسمگلر گرفتار
حیدرآباد /26 فروری ( سیاست نیوز ) حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ اور مدھورا نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی میں گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور تین افراد بشمول ایک بین ریاستی گانجہ اسگلر کو گرفتار کرلیا ۔ نارکوٹک پولیس نے مددھورا نگر پولیس کے ساتھ کارروائی کو انجام دیا ۔ اس کارروائی میں پولیس نے بالا ہتال ساکن اڈیشہ 24 سالہ بی سرینواسلو عرف واسو اور 21 سالہ جی ابھیشیک ساکنان کوکٹ پلی کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ وینگل راؤ نگر علاقہ میں رات کے اوقات ان تینوں نے ملاقات کی اور گانجہ کی منتقلی کے تعلق سے منصوبہ تیار کر رہے تھے کہ حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ نے خفیہ اطلاع پر مقامی پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 41 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ ع