جرائم و حادثات

   

شوہر کے حملے میںحاملہ بیوی شدید زخمی، نمس میں زیر علاج

حیدرآباد۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) کنڈا پور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک ظالم شوہر نے اپنی دو ماہ کی حاملہ بیوی کو پتھر سے متعدد مرتبہ حملہ کرکے شدید زخمی کردیا اور مقام سے فرار ہوگیا۔ گچی باؤلی انسپکٹر حبیب خاں نے بتایا کہ محمد بسرت 32 سالہ ساکن وقار آباد جو ملازمت کے لئے حفیظ پیٹ کے علاقہ آدتیہ نگر میں مقیم تھا جنوری 2023 میں بسرت کی ملاقات ٹرین سفر کے دوران کولکتہ کی شبانہ پروین سے ہوئی اور دونوں نے اکتوبر 2024 میں شادی کرلی۔ شبانہ 2 ماہ کی حاملہ تھی۔ 29 مارچ کو شبانہ کی طبیعت خراب ہونے پر اسے کنڈاپور کے دواخانہ میں بعد علاج اسے سے ڈسچارج کردیا گیا۔ دواخانہ سے باہر آتے ہی دونوں میاں بیوی میں جھگڑا ہوا جس پر شوہر نے بیوی پر پتھر سے متعدد مرتبہ حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے مقام پر پہنچ کر زخمی خاتون کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا اور اسے مزید بہتر علاج کے لئے دواخانہ نمز منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت تشویشناک بتائی۔ شبانہ کوما میں ہی ہے۔ شبانہ کے افراد خاندان کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے محمد بسرت کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ ش

ایک خاندان کے چھ افراد پراسرار طو رپر لاپتہ
حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) سکندرآباد کے بوئن پلی میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد پر اسرار طور پر لاپتہ ہوگئے جن میں میاں بیوی تین بچے اور خالہ شامل ہیں۔ ایک رات مہیش اس کی بیوی اوما اور ان کے تین بچوں سمیت خالہ اپنا سامان باندھ لئے اور کالونی میں بغیر کسی کو اطلاع کئے صرف مکان مالک کو جانے کی اطلاع دی اور راتوں رات گھر خالی کرکے چلے گئے۔ مکان مالک نے مہیش کے بہنوئی بھکشاپتی کو اطلاع دی جس پر بھکشاپتی نے گمشدگی کی شکایت درج کروائی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ تحقیقات شروع کی جس پر پتہ چلا کہ وہ آٹو کے ذریعہ ایم جی بی ایس اسٹیشن گئے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ش

فرضی دستاویزات کے ذریعہ ضمانت پانے کی کوشش۔ 4 گرفتار
حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) کھمم ضلع میں عدالت کو گمراہ کرنے اور جعلی دستاویزات پیش کرکے ضمانت حاصل کرنے کے الزام میں کھمم ٹو ٹاؤن پولیس نے ایڈوکیٹ سمیت چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں نیلاکنڈہ پلی منڈل میں ایک ضعیف جوڑے کے قتل میں ملوث ایک ملزم کی ضمانت کیلئے عدالت میں جعلی دستاویز جمع کئے گئے تھے۔ بنوت بھارت، نوناوھ روی ایڈوکیٹ شیخ لطیف اور اسٹامپ بنانے والا پی سریش نے جعلی دستاویزات تیار کئے تھے۔ ضمانت حاصل کرنے عدالت میں پنچایت سکریٹری کے دستخط اور پنچایت دفتر کی مہر جعلی جائیداد کی قیمت ضمانتی بناکر پیش کیا۔ پنچایت سکریٹری وی روی تیجا کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے عدالت میں پیش کیا۔ ش

ڈرائیور کے پیٹ سے 2 انچ سے زائد لمبی سوئی نکالی گئی
حیدرآباد 6 اپریل(یواین آئی) کنگ کوٹھی اسپتال میں ڈاکٹروں نے ایک نادر سرجری کرکے ڈرائیور کے پیٹ سے 2 انچ سے زائد لمبی سوئی نکالی ہے ۔ نلگنڈہ کا ساکن مرلی، جو نلہ کنٹہ علاقہ میں مقیم ہے شدید پیٹ درد میں مبتلا تھا۔ وہ کنگ کوٹھی اسپتال پہنچا جہاں ڈاکٹروں نے پیٹ میں بڑی سوئی ہونے کی تصدیق کی۔ اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجندر ناتھ کی نگرانی میں جنرل سرجن ڈاکٹر بالراجو اور ڈاکٹر وینکٹیش کی ٹیم نے کامیاب سرجری کے ذریعہ سوئی کو نکال دیا۔

ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم
284 افراد کیخلاف مقدمات
حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) سائبرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ہفتہ کی رات ڈرنک اینڈ ڈرائیو کی خصوصی مہم کے دوران 284 افرادکے خلاف مقدمہ درج کئے گئے جن میں سب سے زیادہ 248 افراد جو ٹو وہیلر سوار تھے جو حالت نشہ میں پائے گئے۔ سائبرآباد میں سب سے زیادہ 53 افراد کو میاں پور پولیس نے پکڑا ۔ تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں کونسلنگ کی جائے گی۔ ش
گاڑی چیکنگ کے دوران پولیس سے الجھنے والے نوجوان پر مقدمہ
حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) سکندرآباد کے بوئن پلی علاقہ میں پولیس نے ایک نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جو پولیس چیکنگ کے دوران گاڑی کے کاغذات پوچھنے پر مبینہ طور پر پولیس کو دھمکا رہا تھا۔ ٹریفک سب انسپکٹر وجئے کانت نے باپوجی نگر سے بوئن پلی جانے والے چوراہے کہ قریب ایک موٹر سائیکل سوار شعیب کو روکا اور ڈرائیونگ لائسنس پوچھا اور جب گاڑی کے پیچھے فوکس لائٹ دیکھی تو سب انسپکٹر نے پوچھا تو شعیب نے بحث شروع کردی اور دھمکی دی جس پر ٹریفک پولیس نے لا اینڈ آرڈر پولیس کو طلب کرلیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی شعیب نے اپنا رویہ بدل دیا اور وہ اچانک رونے لگا۔ شعیب کی حالت کو دیکھتے ہوئے پولیس نے اسے پہلے دواخانہ لے گئے اور وہاں سے بوئن پلی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ ش

ہتنور میں تیراکی کے دوران دو افراد غرقاب
حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کے ہتنور پولیس اسٹیشن کے حدود میں تیراکی کے دوران دو افراد غرقاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پریم کمار ہتنور منڈل کے بورپٹلہ گاؤں کے قریب بھیمونی جھیل میں تیراکی کرتے ہوئے غرق ہوگیا۔ یہ دیکھ کر پریم کمار کا سر چندرا مولی اسے بچانے پانی میں چھلانگ لگادی اور وہ بھی پانی میں غرق ہوگیا۔ مقامی افراد نے فائر بریگیڈ کو اطلاع دی اور ان کی مدد سے دونوں کی نعشوں کو پانی سے نکالا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے دونوں کی نعشوں کو نرساپور کے سرکاری دواخانہ منتقل کردیا۔ ش

سوشل میڈیا پر آنے والی اطلاعات کو تصدیق کرنے
کے بعد شیرکرنے کا مشورہ : مہیش بھگوت
حیدرآباد۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) مہیش بھگوت ایڈیشنل ڈی جی نے واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام و ایکس پر کسی بھی خبر کو پوسٹ کرنے یا پھر شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کرلینے کا مشورہ دیا۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ عوام بغیر کسی معلومات کے کسی بھی پوسٹ کو شیئر کر رہے ہیں جس سے سماج میں غلط اثر پڑ رہا ہے اور اس سے جانی و مالی نقصان بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ سب سے پہلے کسی بھی خبر کو جو سوشل میڈیا پر آئی ہے اس کی تصدیق کرنی چاہئے۔ بعض افراد سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرتے ہوئے نفرت پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں تو بعض لوگ کسی کو بھی بدنام کرنے کے لئے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا پوسٹ پر آنے والی ہر خبر کی پہلے مکمل جانچ کریں۔ غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف پولیس سخت کارروائی کرے گی۔ ش

جگتیال ضلع کے پولاس موضع میں پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش
مسجد کی اراضی پر مندر کیلئے شیڈ کی تعمیر، پولیس کی چوکسی
حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں پولاس گاؤں میں اتوار کی صبح اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب چند شرپسندوں نے ہفتہ کی رات مسجد کی اراضی پر مندر کی تعمیری کام شروع کردیا اور رات میں ہی ٹین کا شیڈ ڈالا اور دیگر تعمیری ڈھانچے کھڑے کردیئے۔ مقامی عوام نے بتایا کہ چند شرپسند افراد یہاں کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے یہ اقدام کیا۔ مقامی افراد نے اس واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس مقام پر پہنچ گئی اور عوام سے بات کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کرلیا۔ پولیس نے تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں سخت کارروائی کرے گی اور پرامن فضاء کو خرب کرنے والوں کو سخت سزا دلائے گی۔ اطلاع ملنے کے بعد علاقائی نمائندوں نے بھی مقام کا دورہ کیا اور عوام سے بات کی اور اس مسئلہ پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اپنی کارروائی کرے گی۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شرپسند افراد جنہوں نے یہ اقدام کیا ان کے خلاف سخت کارروائی کریں اور پرامن نفاذ کو برقرار رکھنے کے اقدامات کریں۔ پولیس نے احتیاطی طور پر علاقہ میں اپنا گشت بڑھادی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ ش

گانجہ منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب، تین افراد گرفتار، 273 کیلو گانجہ ضبط
حیدرآباد۔/6 اپریل، ( سیاست نیوز) شاہ میر پیٹ پولیس اور ایس او ٹی بالا نگر نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 273 کیلو گانجہ کے ساتھ تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو اڈیشہ سے ہریانہ براہ تلنگانہ گانجہ منتقل کیا جارہا تھا جس کی اطلاع پولیس کو ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بولیرو کار کو روک کر تلاشی لینے پر 273 کیلو گانجہ برآمد ہوا اور اس کی قیمت ایک کروڑ ایک لاکھ پچیس ہزار ہے کے علاوہ گاڑی کو بھی ضبط کرلیا گیا۔ 27 سالہ پردیپ کمار، 25 سالہ سنی اور منیش کمار کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ سامل فینانسر اور حاصل کرنے والا اور سبھاش سوامی گانجہ فروخت کرنے والا مفرور بتائے گئے۔ تینوں کے قبضہ سے سات موبائیل فونس اور ایک جیو ڈونگل ضبط کرلیا گیا۔ ( ش )

بہنوئی کے ہاتھوں سالے کا قتل
حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ گولکنڈہ میں اتوار کی صبح بہنوئی کے ہاتھوں سالے کا قتل ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول مقید جو ایک عادی سارق تھا جو سمیر کا رشتہ دار تھا۔ چند دن قبل مقید نے ایک بائیک کا سرقہ کیا اور بائیک سمیر کو دی اور کہا کہ وہ اسے فروخت کرکے رقم اسے دیں۔ قطب شاہی مقبرہ روڈ پر اتوار کی صبح سمیر اور مقید کے درمیان رقم کو لے کر بحث و تکرار ہوئی جس کے بعد سمیر نے بلیڈ سے مقید کا گلا کاٹ دیا۔ اسے فوراً دواخانہ منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ موت ہوگئی ہے۔ گولکنڈہ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی۔ ش

شادی کے نام پر جنسی استحصال کرنے والا شخص گرفتار
حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) چلکل گوڑہ پولیس نے ایک شخص کو ایک خاتون کے ساتھ جنسی استحصال کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کورا راجہ چوہان 34 سالہ ساکن ناگول جو راجستھان کی ایک خانگی کمپنی کا ملازم ہے۔ پولیس کے مطابق چند ماہ قبل راجہ نے ایک فرضی پروفائیل تیار کرتے ہوئے میٹری مونیل ویب سائٹ پر ڈالی جس کے بعد ایک خاتون سے وہ رابطہ میں آیا اور اس نے خاتون کو غیر شادی شدہ ظاہر کرتے ہوئے کئی مرتبہ ملاقات بھی کی۔ خاتون سے شادی کا بہانہ بناکر اس کے ساتھ وہ جنسی زیادتی بھی کیا اور ساتھ ہی خاتون سے اس نے 1.5 لاکھ روپے بھی حاصل کیا جس کے چند ماہ بعد خاتون کو پتہ چلا کہ راجہ شادی شدہ ہے جس کے بعد خاتون نے پولیس میں شکایت کی۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا اور مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔ ش

شمس آباد میں ایک شخص کی سماجی خدمات، مسافروں میں چھانچ کی تقسیم
حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) شمس آباد کے سماجی کارکن کے سدھو ریڈی نے آج شمس آباد چوراہے پر مسافرین چھانچ کے استعمال کا آغاز کیا جو ہر کسی کو مفت فراہم کی جائے گی۔ سدھو ریڈی چھانچ کا اسٹال قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ پہلی مرتبہ موسم گرما میں عوام کو چھانچ فراہم کی تو انہیں دلی تسکین حاصل ہوئی اور ہزاروں افراد کی دعائیں ملیں جس کے بعد وہ اس سلسلہ کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سدھو ریڈی نے کہا کہ روزانہ کم از کم پانچ ہزار سے زائد افراد چھانچ سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ مشہور فلم اسٹار سونو سود نے بھی سدھو ریڈی کی ستائش کی تھی اور انہیں تہنیت بھی پیش کرچکے ہیں۔ اس موقع پر تلگو فلم انڈسٹری کے ہیرو اندرا سینا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ش

سن سٹی میں منشیات اسمگلنگ، دو افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) اسپیشل ٹاسک فورس نے حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ سن سٹی میں منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے میں سے 2.75 لاکھ روپے مالیاتی منشیات اور ایک لاکھ روپے نقد رقم ضبط کرلی۔ تیجس کٹہ اور سہیل احمد کو سن سٹی کے علاقہ میں کار سمیت گرفتار کرلیا گیا جن کے قبضے سے 21 گرام اوجی کش 32.5 گرام چرس اور 56 گرام ایل ایس ڈی بلاسٹ برآمد ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ تیجس کے پاس امریکی شہریت بھی ہے، امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ ہندوستان آیا اور ممبئی میں ملازمت کرنے لگا، اس دوران وہ منشیات کا عادی ہوگیا تھا اور وہ ایک گاہک سے منشیات کا ڈیلر بن گیا۔ تیجس ممبئی سے حیدرآباد آیا اور حیدرآباد میں ملازمت کرنے لگا۔ جہاں اس کی ملاقات سہیل سے ہوئی اور دونوں نے مل کر منشیات کا کاروبار شروع کیا اور وہ مہینہ میں دو مرتبہ ممبئی جاتے اور منشیات کی خریداری کرکے حیدرآباد آتے اور یہاں فروخت کیا کرتے تھے۔ ایس ٹی ایف نے ایک اطلاع پر دونوں کو گرفتار کرکے شمس آباد اکسائز پولیس کے حوالہ کردیا۔ شمس آباد اکسائز پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کرہی ہے۔ ش