جرائم و حادثات

   

دلہن کے منڈپ میں بیٹھنے والی لڑکی عاشق کے ساتھ فرار
دو خاندانوں میں تنازعہ، دلہے کے باپ کی موت
حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) دلہن کے منڈپ میں بیٹھنے والی لڑکی کی عاشق کے ساتھ فراری دو خاندانوں میں تنازعہ اور دلہے کے باپ کی موت کا سبب بن گئی۔ یہ واقعہ ضلع محبوب نگرکے نارائن پیٹ میں پیش آیا جہاں گویندا راؤ نے رسوائی اور بے عزتی سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔ گویندا راؤدلہے کا والد تھا۔ اس واقعہ کے بعد نارائن پیٹ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے کارروائی شروع کردی۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکی منگنی تک بھی خاموش تھی۔ گویندا راؤ کے لڑکے ابھیشیک اور وجئے کمار کو لڑکی شویتا کی شادی طے کی گئی تھی اور جاریہ ماہ کی 9 تاریخ کو شادی مقرر تھی کہ شویتا کل اپنے عاشق کے ساتھ فرار ہوگئی۔ اس بات سے دونوں خاندانوں میں تنازعہ پیدا ہوگیا اور بیٹے کی شادی دو دن قبل ٹوٹنے سے گویندا راؤ شدید دلبرداشتہ ہوگیا تھا جس نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ شیویتا اور ابھیشیک کی منگتی بڑے عالیشان پیمانے پر کی گئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد گویندا راؤ کے رشتہ داروں نے وجئے کمار پر بیٹی کی کارستانی کی پردہ پوشی کرنے اور دھوکہ میں شادی کروانے کا الزام لگاتے ہوئے پولیس میں خاطیوں کے خلاف کارروائی کی شکایت کردی۔ متوفی کے رشتہ دار گویندا راؤ کی موت پر دلہن والوں کو قصوروار ماننے میں پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع

چیریال میں آئی پی ایل کرکٹ پر بیٹنگ ، چار افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سدی پیٹ پولیس نے آئی پی ایل کرکٹ بیٹنگ کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ منگل کو چیریال ٹاون سے چار افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 76,400 روپئے ضبط کرلیے ۔ کملا سرینواس ، کے شیوا پرساد ، نرا چندرا بابو اور وائی نوین کمار کو گرفتار کیا گیا ۔ پولیس نے عوام سے خواہش کی کہ اگر کوئی بھی کرکٹ بیٹنگ کرتا ہے تو اس کی اطلاع پولیس کو دیں ۔ پولیس ان کے خلاف سخت اقدامات کرے گی ۔ چیریال ٹاون سے گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔۔ ش

بین ریاستی گانجہ منتقلی ٹولی کے دو ارکان گرفتار
بھاری مقدار میں گانجہ ضبط ، ڈی ایس پی ریلوے سید نعیم الدین جاوید کی پریس کانفرنس
حیدر اباد : /7 مئی (سیاست نیوز) کاچی گوڑہ ریلوے پولیس نے آر پی ایف کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین ریاستی گانجہ منتقلی ٹولی کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا ۔ اور ان کے قبضہ سے (3.154) کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا جس کی مالیت ایک لاکھ 57 ہزار 700 روپئے بتائی گئی ہے ۔ یہ بات ڈی ایس پی ریلوے پولیس سید نعیم الدین جاوید نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ وشاکھاپٹنم سے کاچی گوڑہ گانجہ منتقل کیا جارہا تھا ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ نے کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن سے 23 سالہ بی چمپاٹی ساکن اڈیشہ اور 24 سالہ سومنتا موہنتی ساکن اڈیشہ کو گرفتار کرلیا جبکہ اصل سرغنہ بھاون سبودھی مفرور بتایا گیا ہے ۔ ریلوے پولیس نے بتایا کہ مفرور اصل سرغنہ بھاون سبودھی نے چمپاٹی کو گانجہ منتقلی کی پیشکش کی تھی ۔ یہ تینوں اڈیشہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ چمپاٹی پہلے گجرات میں مزدوری کرتا تھا جو اپنے وطن واپس ہونے کے بعد روزگار کی تلاش میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا ۔ جہاں چمپاٹی سے بھاون نے ملاقات کی اور گانجہ منتقل کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے ہر مرتبہ 5 ہزار روپئے دینے کا وعدہ کیا ۔ بھاون کی ہدایت پر چمپاٹی نے اس کی پیشکش کو قبول کرلیا اور موہنتی کو اپنے ساتھ شامل کرلیا اور وشاکھاپٹنم سے بذریعہ ٹرین حیدرآباد گانجہ منتقل کررہے تھے کہ کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن پر تلاشی کے دوران انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ ع

ممنوعہ الیکٹرانک سگریٹس ضبط ، دو افراد گرفتار
حیدرآباد : /7 مئی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ ایسٹ زون پولیس نے ممنوعہ الیکٹرانک سگریٹس کو ضبط کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ خفیہ اطلاع پر ٹاسک فورس نے سنتوش نگر پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے 28 سالہ محمد زاہد حسین ساکن سنتوش نگر اور 28 سالہ سعید نارش احمد ساکن مغل پورہ واٹر ٹینک کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے (203) الیکٹرانک سگریٹس کو ضبط کرلیا ۔ جس کی مالیت چار لاکھ 50 ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ ان الیکٹرانک سگریٹس کو یہ دونوں محمد شعیب سے خریدا کرتے تھے ۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے سگریٹس کو ضبط کرلیا ۔ ع

خاتون کو لڑکیاں فراہم کرنے کیلئے تنگ کرنے والا شخص گرفتار
متاثرہ خاتون کی شی ٹیم سے شکایت کے بعد کارروائی
حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد شی ٹیم نے ایک ایسے بدغماش کو گرفتار کرلیا جو خاتون کو دوسری لڑکیاں فراہم کرنے کے لئے تنگ کررہا تھا۔ ایک لاکھ روپے اخراجات کے لئے اور جب دل چاہے جنسی خواہش پوری کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہا تھا۔ خاتون کی شکایت کے بعد شی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 30 سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا جس نے خاتون کا جینا مشکل کردیا تھا۔ خاتون کا قصور یہ تھا کہ اس نے فیس بک کے ذریعہ دوستی پر اندھا بھروسہ کیا اور لڑکے کے ساتھ اویو روم چلی گئی۔ او یو روم میں دونوں کے درمیان ہوئی گفتگو اور ملاقات کو اس بدغماش نے خفیہ کیمرے سے ریکارڈ کرلیا اور خاتون کو بتاکر دھمکانے لگا۔ ان وابستگی والی ویڈیوز کو وائرل کرنے کی دھمکی دے رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس بدغماش نے خاتون پر تین شرائط رکھی اور ایک کا انتخاب کرنے کا موقع دیا۔ ایک لاکھ روپے نقد رقم اپنے اور چند خواتین اور لڑکیوں کو فراہم کرنے یا پھر جب اس کا دل چاہے اس کی جنسی خواہش کو پورا کرنے کی شرائط رکھا۔ اس بدغماش کی شدید ہراسانیوں سے تنگ آکر خاتون نے مسئلہ کو شی ٹیم سے رجوع کردیا اور پولیس نے اس کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔ ع

نارسنگی میں آتشزدگی کا واقعہ، کوریوگرافر ہلاک
حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) نارسنگی کے علاقہ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دم گھٹنے کے سبب اس شخص کی موت ہوئی جس کی شناخت 38 سالہ ویریندر ریڈی کی حیثیت سے کرلی گئی۔ ویریندر ریڈی پیشہ سے کوریو گرافر بتایا گیا ہے۔ جو منی کنڈا علاقہ کی سری رام نگر کالونی کے قطب آرکیڈ میں رہتا تھا۔ حادثہ عمارت کی چوتھی منزل پر پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس ذرائع نے بتایا کہ اے سی سے دھواں نکلا اور آگ بھڑک اٹھی جس کے سبب دھواں بیڈروم میں پھیل گیا اور سانس لینے میں تکلیف کے سبب کوریو گرافر ویریندر ریڈی فوت ہوگیا۔ ع

الوال دوہرے قتل کے بدنام زمانہ
عادی مجرم گرفتار
حیدرآباد : /7 مئی (سیاست نیوز) سی سی ایس میڑچل اور ایس او ٹی میڑچل پولیس نے الوال کے دوہرے قتل کیس کے معمہ کو حل کرتے ہوئے بدنام زمانہ عادی مجرم کو گرفتار کرلیا ۔ مسٹر کوٹی ریڈی ڈپٹی کمشنر آف پولیس میڑچل زون نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اندرون (72) گھنٹے اس کیس کو حل کرلیا گیا ۔ /4 مئی کو کنکایا اور راجمان نامی جوڑے کا قتل کردیا گیا تھا ۔ ان کی بیٹی پوجا لتا کی جانب سے شکایت کے بعد پولیس کی خصوصی ٹیموں نے حرکت میں آتے ہوئے کامیاب کارروائی انجام دی ۔ موقع واردات سے حاصل شواہد کے بعد تقریباً 100 کیمروں کی جانچ کی گئی اور بالآخر 40 سالہ انیل کمار ساکن مچابلارم کو گرفتار کرلیا گیا ۔ انیل کمار عادی مجرم ہے جس نے زیورات کی خاطر اس جوڑے کو قتل کیا ۔ اس سے قبل بھی اس نے الوال پولیس حدود میں (21) چوری کی وارداتوں کے علاوہ ڈکیتی ، عصمت ریزی اور قتل ، جبراً وصولی کی وارداتیں انجام دے چکا ہے ۔ پولیس کی مزید کارروائی جاری ہے ۔ ع

مادھاپور میں خوفناک سڑک حادثہ، نوجوان ہلاک
حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ مادھاپور میں خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل راں کو ٹکر دے دی جس کے سبب 28 سالہ دیپک ہلاک ہوگیا۔ دپیک کا تعلق ہنمکنڈہ سے بتایا گیا ہے۔ یہ حادثہ 100 فٹ روڈ مادھاپور میں آج شام پیش آیا ۔ اطلاع کے بعد مقام حادثہ پہنچ کر پولیس نے ضابطہ کی کارروائی کو انجام دیا اور مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ع

کوئلہ کی کان میں مزدوروں پر شہد کی مکھیوں کا حملہ ، ایک ہلاک دیگر زخمی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : منچریال ضلع کے بیلم پلی میں سنگارینی کالریز کمپنی لمٹیڈ کی گولیٹی انکلائن کوئلہ کی کان میں دیوار کی تعمیر کے دوران شہد کی مکھیوں نے اچانک حملہ کردیا جس کی وجہ سے ایک مزدور ہلاک اور دیگر تین زخمی ہوگئے ۔ یہ مزدور ریت چھاننے کا کام کررہے تھے کہ شہد کی مکھیوں نے اچانک حملہ کردیا ۔ شہد کی مکھیوں کے حملہ میں زخمی پی نرسیا شدید زخمی ہوگیا تھا جسے پدا پلی کے سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ دیگر تین مزدوروں کی حالت بہتر بتائی گئی ۔۔ ش
آر ٹی سی بس میں خاتون کی سیندھی لیجانے کی کوشش ، ڈرائیور کے انکار پر خاتون کی برہمی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت مہیا کی جس کے بعد بسوں میں خواتین کی تعداد میں بے حد اضافہ ہوگیا ہے ۔ بعض موقعوں پر بس میں بیٹھنے کے لیے خواتین کی لڑائی کے واقعات پیش آچکے ہیں ۔ بعض خواتین بس میں اپنے ساتھ سیندھی لے جارہی ہیں جس پر ڈرائیور اور کنڈاکٹر اعتراض کررہے ہیں ۔ ایک عجیب و غریب واقعہ میں نلگنڈہ بورڈ کی بس جارہی تھی کہ ایک خاتون سیندھی کے ساتھ بس کے سامنے کھڑی ہوگئی اور اسے بس میں سفر کی اجازت طلب کی لیکن ڈرائیور نے انکار کیا جس پر خاتون برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیندھی نہ لیجانے کا اصول کیا لکھا ہوا ہے ۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے ۔ اس ویڈیو پر مختلف طریقہ سے ردعمل ظاہر کیا ۔ عوام نے مشورہ دیا کہ عوام کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے کہ بس میں کن چیزوں کو لیجایا جاسکتا ہے اور کن چیزوں پر پابندی ہے ۔۔ ش

پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع