جرائم و حادثات

   

حیدرآبادی خاتون کی سعودی عرب میں بچوں کو قتل کرنے کے بعد اقدام خودکشی
ذہنی تناؤ کا شکار و خاندانی مسائل کا شبہ ، سعودی حکام مصروف تحقیقات
حیدرآباد /27 اگست ( سیاست نیوز ) حیدرآبادی خاتون نے اپنے تین بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کی کوشش کی ۔ یہ دل دہلادینے والا واقعہ سعودی عرب کے شہر الخبر میں پیش آیا ۔ منگل کے روز حیدرآبادی خاتون نے ایک واقعہ میں پہلے اپنے تین بچوں کا مبینہ طور پر قتل کردیا اور پھر خودکشی کا اقدام کیا ۔ اس خاتون کی شناخت سیدہ حمیرا امرین کی حیثیت سے کرلی گئی ۔ جن کا تعلق شہر کے علاقہ ٹولی چوکی سے بتایا گیا ہے ۔ اطلاع کے بعد سعودی حکام نے معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ حمیرا امرین اپنے بچوں کے ہمراہ ویزٹ ویزا پر الخبر گئیں تھیں ۔ منگل کے روز جب خاتون نے اس واقعہ کو انجام دیا مکان میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ اکیلی تھیں اور ان کے شوہر محمد شاہنواز کام پر گئے تھے ۔ جب وہ اپنے گھر واپس لوٹا تو اس دردناک حالات کا انہیں سامنا کرنا پڑا ۔ بچوں کی نعشوں کو دیکھ کر شوہر صدمہ کا شکار ہوگیا ۔ یہ خاندان ٹولی چوکی کے علاقہ محمدی لائینز کے رہنے والے تھے ۔ تین بچوں میں جڑواں بچے پائے جاتے تھے ۔ ان بچوں کی شناخت صادق احمد ، عادل احمد عمر سات سال اور کمسن بچہ تین سال یوسف احمد بتایا گیا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات اور حالات کے مطابق باوثوق ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سیدہ حمیرا امرین نے اپنے بچوں کو پانی کے باتھ ٹب میں ڈبو کر ہلاک کیا اور پھر خود کو ہلاک کرنے کی کوشش کی ۔ ذرائع کے مطابق خاتون ذہنی تناؤ کا شکار تھی اور تنہائی سے پریشان تھی تاہم دیگر خاندانی مسائل کا بھی شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ تاہم واقعہ کی اصل وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ سعودی حکام مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

مہدی پٹنم ایکسپریس وے پر کار حادثہ ، گھنٹوں ٹریفک جام
دو افراد زخمی ، کار ٹرائیل کے دوران حادثہ کا شکار
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : مہدی پٹنم ایکسپریس وے پر کار الٹ جانے سے گھنٹوں ٹریفک جام ہوگئی ۔ اس حادثہ میں دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تیز رفتار کار بے قابو ہوگئی ۔ کار میں موجود ایربیاگ کھول گئے اور دونوں کی جان بچ گئی ۔ کار کی رفتار کافی تیز تھی جو بے قابو ہو کر برج پر مخالف سمت جاگری اور الٹ گئی ۔ کار اسٹریٹ لائٹ پول کو ٹکر دے دی اور ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد مخالف سمت راستہ پر الٹ گئی اس حادثہ میں کار میں سوار دو افراد زخمی ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق محمد خلیل جو گڈی ملکاپور علاقہ کے ایک شوروم میں میکانک کی حیثیت سے کام کرتا ہے ۔ شوروم سے رجوع ہونے والی ایک کار کے ٹرائل رن کررہا تھا ۔ خلیل نے کار کو پی وی این آر ایکسپریس وے سے آرام گھر گیا اور آرام گھر سے واپس ہورہا تھا کہ پلر نمبر 212 پر پہونچنے کے بعد کار اچانک بے قابو ہوگئی ۔ جس کی رفتار کافی تیز بتائی گئی ہے جو شدت سے برقی پول سے ٹکرا گئی اور اس کے بعد ڈیوائیڈر کو ٹکر دیتے ہی رخ بدل گیا اور کار الٹ گئی ۔ اس حادثہ کے سبب برج پر ٹریفک جام ہوگیا ۔ ٹریفک پولیس نے حادثہ کا شکار گاڑی کو برج سے ہٹادیا اور ٹریفک کو بحال کیا ۔۔ ع

والدین کی مرضی کے خلاف گھر سے فرار ہونے والی لڑکی عاشق کی دھوکہ دہی کا شکار
شادی کے نام پر ایک ماہ تک استحصال ، متاثرہ لڑکی کی شکایت پر دھوکہ باز لڑکا گرفتار
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : والدین کی مرضی کے خلاف گھر سے فرار ہونے والی کم عمر لڑکی عاشق کی دھوکہ دہی کا شکار ہوگئی ۔ شادی کے نام پر ایک ماہ تک زندگی بسر کرنے کے بعد لڑکے نے دھوکہ دیا اور لڑکی والدین کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہونچی ۔ فلم نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں پولیس نے لڑکی کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے 19 سالہ لڑکے کو حراست میں لے لیا ۔ ذرائع کے مطابق 16 سالہ لڑکی کا تعلق ضلع محبوب نگر سے پایا جاتا ہے جو ایک سال قبل اپنے گھر سے فرار ہوگئی تھی لڑکی والدین سے ناراض تھی اور ان کے مرضی کے خلاف گھر سے فرار ہوئی تھی ۔ لڑکی کی شادی اس کی مرضی کے خلاف طئے کی جارہی تھی ۔ گھر سے فرار ہونے کے بعد لڑکی چند روز تک اپنے گھر والوں سے رابطہ میں تھی ۔ جس کے بعد وہ والدین سے رابطہ میں آئی اور والدین کو بتایا تھا کہ وہ ہاسٹل میں رہتی ہے ایک ہفتہ قبل اس کم عمر لڑکی نے والدین کو فون پر ظلم و زیادتی کی اطلاع دی اور بتایا کہ ایک ماہ سے وہ ایک 19 سالہ ڈیلیوری بوائے کے ساتھ زندگی بسر کررہی تھی اور بغیر شادی کے ازدواجی تعلقات میں تھی اس کا عاشق گذشتہ ایک ہفتہ سے ظلم و زیادتی کررہا ہے اور مار پیٹ کا نشانہ بنارہا ہے ۔ اس بات سے شدید پریشان لڑکی نے والدین سے فریاد کی اس کے والدین لڑکی کا پتہ تلاش کرتے ہوئے اس کے پاس پہونچے اور فلم نگر پولیس میں شکایت کردی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع

بیوی کی عاشق کے ساتھ فراری ، بچے کی یاد میں پریشان حال شخص کی خودکشی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بیوی کی عاشق کے ساتھ فراری اور بچے کی یاد میں پریشان ایک شخص نے خود کشی کرلی جو بیوی کی دھوکہ دہی سے رسوائی کا شکار بنگال سے حیدرآباد پہونچا تھا ۔ حیات نگر پولیس حدود میں یہ درد بھری داستان کا اختتام عمل میں آیا ۔ جس کا آغاز مغربی بنگال میں ہوا تھا ۔ پولیس حیات نگر کے مطابق 28 سالہ باپی سنگھ پیشہ سے مزدور جو مغربی بنگال سے تعلق رکھتا تھا ۔ جو 8 ماہ قبل روزگار کی تلاش میں حیدرآباد آیا تھا اور کنٹلور کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ باپی سنگھ کی بیوی 2 سال قبل عاشق کے ساتھ فرار ہوگئی تھی ۔ اس کا ایک بچہ ہے بیوی بچے کو لے کر چلی گئی اور بیوی کی عاشق کے ساتھ فراری کے بعد باپی سنگھ کی بڑی بدنامی ہوئی اور وہ اس رسوائی سے شدید دل برداشتہ ہوگیا تھا ۔ ایک طرف بیوی کی عاشق کے ساتھ فراری اور دوسری طرف بچے کی یاد میں باپی سنگھ شدید ذہنی تناؤ کا شکار بنتا جارہا تھا ۔ حیات نگر میں قیام کے دوران جو اپنے ہم وطن ساتھیوں کے ساتھ رہتا تھا اکثر بیوی کی بے وفائی اور رسوائی کا ذکر کرتا تھا جس نے بالآخر تنگ آکر انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع

آن لائن سے قرض ، ادائیگی میں دشواری ، مقروض شخص کی خودکشی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : آن لائن حاصل کردہ قرض کی ادائیگی میں دشواری سے دل برداشتہ ایک شخص نے خود کشی کرلی ۔ ایل بی نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 31 سالہ سنتوش نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی اقدام کرلیا ۔ سنتوش پیشہ سے خانگی ملازم تھا جو بائرامل گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ 19 اگست کو اس نے شدید ذہنی تناؤ سے تنگ آکر نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ع

مالی پریشانیوں سے تنگ ایک شخص کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : مالی پریشانیوں سے تنگ آکر ایک شخض نے خود کشی کرلی ۔ پرانے شہر کے علاقہ یاقوت پورہ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ رین بازار پولیس کے مطابق 40 سالہ سید حسن حیدر جو پیشہ سے پلمبر تھا ۔ یاقوت پورہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ حیدر نے کولڈرنک میں نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خود کشی کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی کی بیوی اور افراد خاندان کے مطابق حسن حیدر مالی پریشانیوں کا شکار تھا ۔ پولیس رین بازار مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع

خاتون کی ہاسپٹل کے سیلار میں زچگی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : خیریت آباد بڑے گنیش کے قریب غبارے اور کھلونے فروخت کرنے والی راجستھان کی ایک حملہ خاتون ریشماں چہارشنبہ کی صبح غبارے وغیرہ فروخت کرنے پہنچی اور اچانک اس کی طبیعت خراب ہوگئی ۔ خاتون کو اس کے اہل خانہ اور مقامی افراد نے اسے قریبی سرکاری دواخانہ منتقل کیا جہاں وہ دواخانہ کی عمارت کے سیلار میں ہی بچی کو جنم دیدیا ۔ ڈاکٹروں نے معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ بچہ اور ماں دونوں کی حالت مستحکم بتائی ۔۔ ش

کیرا میری کی ایک خاتون نے
ایمبولینس میںلڑکی کوجنم دیا
کیرامیری 27اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جینور منڈل کے موضع آشا پلی کی ایک حاملہ خاتون سنگیتاکو دردشکم محسوس ہونے پر108ایمبولینس کے ذریعے اوٹنوراسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹروں ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے سنگیتاکو رمس اسپتال عادل آباد منتقل کرنے کامشورہ دیا۔ای ایم پی پرشانت نے کہا کہ حاملہ خاتون کو 108کے ذریعے جب عادل آباد منتقل کیا جارہا تھاکہ اس نے راستے میں ہی ایک بچی کو جنم دیا۔انہوں نے کہا کہ زچہ وبچہ محفوظ ہیں بعدازانہیں اسپتال میں داخل کیا گیااورطبی امداد فراہم کی گئی۔ خاتون کے رشتہ داروں نے 108ای ایم پی پائلٹس اور آشا ورکرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 108 میں بغیر کسی نقصان کے بچے کی پیدائش کی۔

اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع