جرمن ٹکنالوجی سے مربوط مکمل پہلا کیبل برج افتتاح کے لیے تیار

,

   

پانی سے 20 میٹر اونچائی پر تعمیر کردہ برج کا 19 ستمبر کو ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ افتتاح کریں گے
حیدرآباد :۔ شہر حیدرآباد کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنے والا کیبل برج کا ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر 19 ستمبر کو افتتاح کریں گے ۔ درگم چیرو پر حکومت نے اس کیبل برج کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی ۔ حیدرآباد کے لیے لینڈ مارگ ثابت ہونے والا کیبل برج بہت جلد عوام کو دستیاب ہوگا اور اس پر گاڑیوں کی آمد ورفت کا سلسلہ بھی شروع ہوجائے گا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کی جانب سے افتتاح کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ اس کیبل برج کا پہلے چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں افتتاح کرانے کا منصوبہ تھا ۔ مگر اب سنا جارہا ہے کہ اس کیبل برج کی تعمیر میں خصوصی دلچسپی لینے والے کے ٹی آر ہی اس کا افتتاح کریں گے ۔ اس برج کے عوام کو دستیاب ہوجانے کے بعد بڑی حد تک ٹریفک مسائل حل ہوئے اور آئی ٹی پروفیشنل کی آمد و رفت کے لیے بھی یہ برج سہولت بخش ہوگا ۔ ساتھ ہی یہ کیبل برج شہر حیدرآباد کے سیاحتی مراکز میں ایک اور مزید اضافہ ثابت ہوگا ۔ اس برج کی تعمیر پر 184 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں ۔ 2 سال کے دوران برج کی تعمیر مکمل ہوئی ہے ۔ اس برج کے تعمیر کی ذمہ داری ایل اینڈ ٹی کو سونپی گئی تھی ۔ برج کی تعمیر کے لیے مکمل کیبل ٹکنالوجی کا استعمال کیا گیا ۔ ملک میں اس طرح پہلا کیبل برج حیدرآباد میں تعمیر کیا گیا ہے ۔ روڈ نمبر 45 سے مادھا پور کو جوڑنے والا یہ 760 میٹر طویل برج تعمیر کیا جارہا ہے جس کی چوڑائی 426 میٹر ہے ۔ دونوں پلرس کے درمیان 244 میٹر کی چوڑائی ہے ۔ جرمنی ٹکنالوجی کے ساتھ 8 ممالک کے انجینئرس نے 22 ماہ دن رات محنت کرتے ہوئے ہندوستان کا یہ باوقار کیبل برج تعمیر کیا ہے ۔ درگم چیرو کے پانی سے 20 میٹر اوپر یہ برج تعمیر کیا گیا ہے ۔ ایک پائیلان کے لیے 26 کیبلس کا استعمال کیا گیا ہے ۔ یہ برج 20 جولائی کو ہی افتتاح کیا جانے والا تھا تاہم کورونا کے باعث تھوڑی تاخیر ہوئی ہے ۔۔