برلن ۔ 28 جولائی (ایجنسیز) جنوبی جرمنی میں ایک علاقائی مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ متاثرہ ٹرین میں پھنسے مسافروں کو بچانے کے لیے امدادی کارروائیاں رات بھر جاری رہیں۔ جنوب مغربی جرمن ریاست باڈن ورٹمبرگ میں ریڈلنگن کے قریب ہونے والے ٹرین حادثہ میں کم از کم تین افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ متاثرہ ٹرین میں تقریباً 100 مسافر سوار تھے، جس کی کم از کم دو بوگیاں جزوی طور پر پٹری سے اتر گئیں۔ ڈسٹرکٹ فائر چیف کے مطابق اس واقعہ میں لگ بھگ 50 افراد زخمی ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ ٹرین کے پٹری سے اترنے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے، تاہم شام کے اوائل میں اس علاقہ میں طوفان آیا تھا۔