جرمنی کی یوکرین کیلئے 2.7 بلین یورو کی نئی فوجی امداد

   

برلن : جرمنی نے یوکرین کے لیے 2.7 بلین یورو کے نئے ملٹری امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ اس پیکیج کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی کی طرف سے جرمنی کا دورہ بھی متوقع ہے۔ ہفتہ 13 مئی کو یوکرین کے لیے اعلان کیے گئے امدادی پیکج کی مالیت تین بلین امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔ 24 فروری 2022ء کو یوکرین پر روسی حملہ کے آغاز کے بعد سے جرمنی کی طرف سے یوکرین کے لیے یہ اب تک کا سب سے بڑا امدادی پیکیج ہے۔ ساتھ ہی جرمنی نے یہ عزم بھی ظاہر کیا ہے کہ کیف حکومت کو جب جب ضرورت ہو گی برلن اس کی مدد کرے گا۔ برلن حکومت کی طرف سے یوکرین کے لیے اعلان کیے گئے فوجی امدادی پیکج میں 15 لیوپارڈ ون ٹینک، 15 گیپارڈ طیارہ شکن ٹینک اور 200 نگرانی کرنے والے ڈرون بھی شامل ہیں۔ جرمن وزارت دفاع کے مطابق اس پیکج میں چار آئرس اینٹی ایئرکرافٹ سسٹمز کے علاوہ 18 ہاؤٹزر بھی شامل ہیں جو گولہ باری کا جدید نظام ہے۔ جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس کے مطابق ہم سب اس خوفناک اور غیر قانونی جنگ کا جلد از جلد خاتمہ چاہتے ہیں… بدقسمتی سے ابھی تک یہ ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ اس لیے جرمنی ہر وہ مدد فراہم کرے گا جو وہ کر سکتا ہے اور جب تک اس کی ضرورت ہے۔