جسٹن ٹروڈو کینیڈا میں دوبارہ حکومت سازی کیلئے تیار

   

اوٹاوا، 22 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا میں حال ہی میں اختتام پذیر پارلیمانی انتخابات کے نتائج تقریباً سامنے آ چکے ہیں اور موجودہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی آف کینیڈا 155 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے لیکن وہ اکثریت سے اب بھی 15 سیٹ دور ہے ۔کینیڈا کے الیکشن کمشنر کے مطابق 338 سیٹوں پر ہونے والے انتخابات میں لبرل پارٹی کو 33.6 فیصد ووٹ ملے جبکہ اہم اپوزیشن ک کنزرویٹوپارٹی آف کینیڈا کو 34.1 ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔کینیڈا میں کسی بھی پارٹی کو حکومت بنانے کے لئے 170 سیٹیں چاہئیں لیکن فی الحال کسی بھی پارٹی کو اکثریت ملتی دکھائی نہیں دے رہی ہے اور اس کی امید بھی کم ہے ۔ کنزرویٹو پارٹی فی الحال 122 سیٹوں پر برتری بنائے ہوئے ہے جبکہ لبرل پارٹی کی نشستوں کی تعداد 155 ہے ۔ نتائج سے پہلے ہونے والے سروے میں بھی دونوں پارٹیوں کو برابر 33 فیصد ووٹ آنے کی رپورٹیں دکھائی گئی تھی۔امریکی صدر ڈونا لڈ ٹرمپ نے جسٹن ٹروڈوکو الیکشن میں اچھی کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹویٹ کرکے کہا ’’شاندار اور کانٹے کی ٹکر میں فتح حاصل کرنے پر مبارکباد۔ دونوں ممالک کی ترقی کیلئے میں آپ کے ساتھ کام کرنے کا متمنی ہوں‘‘۔