دو افراد گرفتار، سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) جشن سال نو سے عین قبل حیدرآباد سٹی پولیس کی ٹاسک فورس نے شہر میں ڈرگس کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد بشمول گوا کے متوطن کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے منشیات برآمد کرلئے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گوا سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ لیویو جوزف المیڈا جو پیشہ سے کیاب ڈرائیور ہے اور گوا میں ٹیکسی چلاتا ہے، کم آمدنی سے پریشان ہوکر اُس نے گوا کو سیاحت کیلئے آنے والے نائجیریائی باشندوں سے دوستی کی اور اُن سے کوکین اور دیگر ممنوعہ منشیات حاصل کرتے ہوئے اُنھیں دوگنی قیمت میں فروخت کرنے لگا۔ 8 ماہ قبل اُس نے شہر سے تعلق رکھنے والے یو شنکر نامی ایک وال پینٹر سے رابطہ قائم کیا اور اُسے شہر میں کوکین فروخت کرنے پر معقول کمیشن کا وعدہ کیا۔ جوزف کی ایماء پر یو شنکر نے کوکین حاصل کرتے ہوئے شہر میں خواہشمند گاہکوں کو فی گرام 11 ہزار روپئے میں فروخت کررہا تھا۔ اِس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے جوزف اور شنکر کو بنجارہ ہلز کے علاقہ فلم نگر میں آج اُس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جب وہ کوکین فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ انجنی کمار نے کہاکہ ٹاسک فورس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے 89 گرام کوکین برآمد کرلیا ہے۔