چادرگھاٹ میں ایک شخص کی مشتبہ موت
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) چادرگھاٹ پولیس حدود میں ایک شخص کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا۔ 34 سالہ وائی سریکانت جو علی آباد شاہ میر پیٹ علاقہ کا ساکن تھا۔ چادرگھاٹ حدود میں ایک فٹ پاتھ پر مردہ پایا گیا۔ چادرگھاٹ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر مقدمہ درج کرلیا اور بتایا کہ سریکانت پیشہ سے ڈرائیور تھا جس نے گھریلو تنازعات کے سبب گھر چھوڑ دیا تھا اور علی آباد شاہ میر پیٹ سے نکل گیا تھا۔ وہ گھر نہیں جاتا تھا اور علحدہ طور پر زندگی بسر کررہا تھا۔ وہ ملک پیٹ گنج کے علاقہ میں مزدوری کرتے ہوئے زندگی بسر کررہا تھا جو کل رات مشتبہ انداز میں فوت ہوگیا۔ پولیس نے خودکشی، بیماری اور قتل کے زاویوں سے تحقیقات کردی ہے۔ع
حیات نگر اور نارسنگی میں سڑک حادثات، دو افراد ہلاک
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) حیات نگر اور نارسنگی پولیس حدود میں پیش آئے دو علحدہ سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 50 سالہ داسری اوپیندر راؤ جو آٹو نگر علاقہ میں واقع ایک شوروم میں کام کرتا تھا حیات نگر علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ اوپیندرا کل رات کام ختم ہونے کے بعد اپنے مکان روانہ ہوا اور بس سے اترکر اپنے مکان کی جانب جارہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 52 سالہ مہاراج پشپیا بابو جو منچی ریلولہ علاقہ میں رہتا تھا۔ مشن بھگیرتا میں کام کرتا تھا۔ پٹن چیرو سنگاریڈی سے حالیہ دنوں بابو منچی ریلولہ منتقل ہوا تھا جو آوٹر رنگ روڈ سرویس روڈ پر پیش آئے حادثہ میں فوت ہوگیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
مندر میں ایک شخص پر حملہ ، پجاری گرفتار
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) سعیدآباد علاقہ کی مندر میں ایک شخص پر حملہ کے سلسلہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پجاری کو گرفتار کرلیا۔ کل شام مندر کے اکاؤنٹنٹ پر ایسیڈ حملہ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ ایسٹ زون پولیس نے اس سلسلہ میں رائیکوڈ ہری تیرا نامی پجاری کو حراست میں لے لیا ہے۔ مندر کے اندرونی معاملات کے سبب حملہ کا واقعہ پیش آیا۔ قبل ازیں ایسیڈ حملہ قرار دیا جارہا تھا تاہم کل رات دیر گئے پیش آئے اس واقعہ سے سنسنی پھیل گئی تھی اور لوگ بڑی تعداد میں سعیدآباد کی مندر میں جمع ہوئے تھے۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیا اور گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ تاہم گرفتاری کی پولیس نے تصدیق نہیں کی۔ع
کنچن باغ پولیس نے ذاکر خان قتل کیس کے دو افراد و گرفتار کرلیا
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) کنچن باغ پولیس نے ذاکر خان قتل کیس میں کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ 53 سالہ ذاکر خان ساکن حافظ بابا نگر معمولی بات پر جھگڑے کے دوران حملہ میں فوت ہوگئے تھے۔ پولیس کنچن باغ نے اس سلسلہ میں24 سالہ مرزا فہیم بیگ اور 27 سالہ مرزا عظیم بیگ ساکنان حافظ بابا نگر کو گرفتار کرلیا جبکہ خراشان اور دیگر مفرور بتائے گئے ہیں۔ 12 مارچ کی رات ذاکر خان پر حملہ کیا گیا تھا۔ع
سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر بین ریاستی گانجہ منتقلی کے ریاکٹ کا پردہ فاش
گانجہ ضبط، دو افراد گرفتار، ریلوے پولیس اور اینٹی نارکوٹک بیورو کی کارروائی
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) سکندرآباد پولیس نے تلنگانہ اینٹی نارکوٹک بیورو اور آر پی ایف کے ساتھ کی گئی ایک کارروائی میں ایک بین ریاستی گانجہ منتقلی ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ گانجہ بہرام پور سے دادر منتقل کیا جارہا تھا۔ سکندرآباد ریلوے آر پی ایف اور اینٹی نارکوٹک بیورو نے اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور ان کے قبضہ سے 57.014 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 28 لاکھ 50,700 روپئے بتائی گئی ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس جی آر پی سکندرآباد سید نعیم الدین جاوید نے بتایا کہ 23 سالہ ششانت کمار سوائن ساکن اوڈیشہ جو ایک خانگی ٹرانسپورٹ میں کام کرتا تھا اس کے ساتھ ریلوے پولیس نے 26 سالہ اسپن سیٹھی ساکن مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا جبکہ اصل سرغنہ جیون ساکن ممبئی متوطن اوڈیشہ مفرور بتایا گیا ہے۔ جیون چونکہ اوڈیشہ سے تعلق رکھتاتھا اس نے کیاب ڈرائیور کی خدمات دینا شروع کردیا اس مقام اور فیلڈ میں گانجہ کی لعنت کا شکار ہوگیا اور اس نے اپنے وطن سے کاروبار شروع کرنے کا منصوبہ بنایا اور اوڈیشہ کے بہرام پور سے گانجہ خرید کر بذریعہ ٹرین حیدرآباد منتقل کرنے کے بعد اس کو فروخت کرتا تھا۔ ریلوے پولیس نے سخت چوکسی کے دوران انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے گانجہ کو ضبط کرلیا۔ع