جـــرائـــم و حــادثــات

   

شیخ پیٹ ڈائمنڈ ہلز میں سرقہ کی واردات
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے علاقہ شیخ پیٹ کے ڈائمنڈ ہلز میں ایک مکان میں سرقہ کی واردات پیش آئی ۔ تفصیلات کے مطابق فلم نگر پولیس اسٹیشن حدود میں واقع شیخ پیٹ کے ڈائمنڈ ہلز میں نامعلوم سارقوں نے ایک مکان میں داخل ہوکر الماری سے 34 تولے سونے کے زیورات 4.5 لاکھ نقد رقم کے علاوہ 550 کینیڈین ڈالرس کا سرقہ کرلیا ۔ سارقیں سی سی ٹی وی کے ہارڈ ڈسک بھی ساتھ لے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ شخص محمد مجاہد اپنے مکان کو قفل ڈال کر رشتہ داروں کے ہاں گئے اور جب واپس آکر دیکھا تو سرقہ کی واردات کا پتہ چلا ۔ محمد مجاہد آسٹریلیا سے چند دن قبل ہی حیدرآباد آئے ہوئے تھے ۔ مجاہد کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے کلوز ٹیم کے ساتھ مکان کا معائنہ کیا اور تحقیقات شروع کردی ۔ رمضان کے مقدس مہینہ میں بھی عوام جرائم پیشہ کو چھوڑنے تیار نہیں ہیں ۔ ش

آئی فونس کی اسمگلنگ کرنے والی پانچ خواتین گرفتار ۔ 10 فون ضبط
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد آر جی آئی اے آوٹ پوسٹ پولیس نے آئی فونس کی اسمگلنگ کرنے والی پانچ خواتین کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 10 آئی فونس ضبط کرلیے ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات سے فلائیٹ نمبر 6E-1496 سے شمس آباد ایرپورٹ آنے والی پانچ خواتین رضوانہ بیگم 37 سالہ ، صبا خانم 25 سالہ ، قمر بیگم 60 سالہ ، ثریا خانم 55 سالہ اور لئیق النساء 55 سالہ اپنے ہینڈ لگیج میں فی کس دو دو آئی فون 16 پرو میکس گولڈ کلر کے ساتھ شمس آباد ایرپورٹ پہنچی اور بغیر کسٹمس کلئیرنس انہیں اسمگلنگ کرنے کی کوشش کررہی تھی ۔ اطلاع ملنے پر ایرپورٹ آوٹ پوسٹ پولیس نے تلاشی مہم شروع کی جس پر ان خواتین کے لگیج سے فونس برآمد ہوئے ۔ ڈسکاونٹ سیل سے 90 ہزار روپئے میں ایک فون حاصل کیا جو حیدرآباد میں زیادہ قیمت پر فروخت کرنے لایا گیا جسے پولیس نے ناکام بنادیا ۔ شمس آباد ڈی سی پی بی راجیش نے بتایا کہ خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اور تحقیقات کی جارہی ہے ۔ پولیس کی کارروائی پر ڈی سی پی نے اڈیشنل ڈی سی پی رام کمار ، شمس آباد اے سی پی کے ایس راؤ اور آوٹ پوسٹ انسپکٹر بالراج کو مبارکباد دی ۔۔ ش

بیگم پیٹ میں کار کا سرقہ کرلیا گیا
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے علاقہ بیگم پیٹ کے پاس شراب کی دکان کے قریب سے کار کا سرقہ کرلیا گیا ۔ پنجہ گٹہ ڈی آئی شرون کمار نے بتایا کہ ٹوٹا پرساد ساکن امیر پیٹ جو اپنی کار MG Hector بیگم پیٹ کے قریب سندھیا وائن شاپ کے سامنے پارک کرکے شراب لینے گیا واپس ہوا تو دیکھا کہ ایک نامعلوم شخص کار لے کر فرار ہورہا ہے ۔ اس نے کار کو روکنے کی کوشش کی لیکن سارق کار لے کر فرار ہوگیا ۔ اس نے پنجہ گٹہ پولیس میں شکایت کی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کار کی تلاش شروع کردی ۔۔ ش

نیکلس روڈ پر ریل کوچ ریسٹورنٹ میں بریانی سے جھینگر برآمد
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : (سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے نیکلس روڈ پر واقع ریل کوچ ریسٹورنٹ میں بریانی میںسے جھینگر نکلنے کا واقعہ پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق وجئے نامی شخص اپنے دوستوں کے ساتھ ہوٹل پہنچا اور بریانی آرڈر کی ۔ بریانی کھاتے وقت ان کی بریانی سے کاکروچ نظر آیا ۔ وجئے اور ساتھیوں نے ریسٹورنٹ کے عملہ سے ناقص انتظامات پر شدید احتجاج اور فوڈ سیفٹی حکام کو شکایت درج کرائی اور ریسٹورنٹ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا ۔ فوڈ سیفٹی حکام نے تیقن دیا کہ معائنہ کے بعد ضروری کارروائی کی جائے گی ۔۔ ش

مشتبہ ٹرین حادثہ میں سافٹ ویر انجینئر ہلاک
حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) لنگم پلی ریلوے اسٹیشن پر پیش آئے ایک مشتبہ ٹرین حادثہ میں سافٹ ویر انجینئر ہلاک ہوگیا۔ نامپلی ریلوے پولیس کے مطابق 40 سالہ اجئے کمار سالو جو پونے مہاراشٹرا کا ساکن تھا 16 مارچ کو لنگم پلی ریلوے اسٹیشن کے پلاٹ فارم نمبر 2 پر ٹرین سے گرکر زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ اجئے کمار سالو کا ٹرین سے اچانک گرنا اور زخمی حالت میں فوت ہونے پر ریلوے پولیس نے شبہات کا اظہاار کیا اور مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ع

کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کرنے والی نیپالی کو عمر قید کی سزاء
حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) نامپلی کی عدالت نے کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کرنے والے ایک نیپالی شخص کو عمر قید کی سزاء سنائی ہے۔ سال2023 کے دومل گوڑہ پولیس اسٹیشن کے مقدمہ میں عدالت نے 36 سالہ امر نیپالی کو عمر قید کی سزا اور 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرکے فیصلہ سنایا ہے۔ 2023 میں امر نیپالی نے ایک کمسن بچی کی عصمت ریزی کی تھی اور اس کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے تحقیقات انجام دیں اور عدالت میں چارج شیٹ داخل کردی۔ عدالت نے امر نیپالی کو عمر قید کی سزا سنائی اور متاثرہ لڑکی کو 2 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کیا ۔ع

انجکشن کا اضافی ڈوز لینے سے
نوجوان فوت
حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) جوہلی ہلز میں زائد مقدار میں انجکشن ڈوز سے ایک نوجوان فوت ہوگیا جو اکثر شپ ڈال نامی دوا انجکشن کے ذریعہ استعمال کرتا تھا۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 20 سالہ ساگر پریار جو ایل این نگر علاقہ میں رہتا تھا وہ چکن سنٹر میں کام کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق 16 مارچ کو ساگر پریار اچانک بے ہوش ہوگیا جسے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ساگر پریار نے 16 مارچ کو باتھ روم میں ڈوز کا انجکشن لیا تھا جس سے اس کی صحت پر اثر ہوا اور وہ بے ہوش ہوگیا جب ہاسپٹل لے جایا گیا تو وہ علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع

پولیس کی وردی میں جوے کو فروغ دینے کا معاملہ ۔ پولیس کانسٹیبل پر بیٹنگ ایپ کو فروغ دینے کا الزام ۔ مقدمہ درج
حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) بیٹنگ ایپ کے پرموشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے والی سٹی پولیس کیلئے ایک نیا سوال سامنے آکھڑا ہے۔ یوٹیوبرس اور انفلوئنسرس پر مقدمہ درج کرنے والی سٹی پولیس کیا پولیس ملازم کے خلاف بھی مقدمہ درج کرے گی۔ چونکہ شہر میں یو ٹیوبرس اور انفلوئنسرس کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے لیکن سٹی پولیس کیلئے چونکا دینے والی اطلاع ہے کہ بیٹنگ ایپ کے پروموشن میں ایک کانسٹیبل بھی شامل ہے۔ حبیب نگر پولیس سے وابستہ کانسٹبل کرن گوڑ ان دنوں سرخیوں میں آگیا ۔کرن گوڑ کی غیر سماجی سرگرمیاں پولیس کیلئے مسئلہ بن گئی ہیں ۔ کرن گوڑ نے بیٹنگ ایپ کیلئے نہ صرف پروموشن کیا بلکہ بیٹنگ میں حصہ لینے اور کھیلنے کے طریقہ کار اور ٹپس بھی پیش کئے۔ اس کے علاوہ ٹیلی گرام چینل پر بھی اس کو پروموٹ کیا۔ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ کرن گوڑ نے یہ سرگرمیاں پولیس یونیفارم میں انجام دی ہیں۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ بیٹنگ ایپ کی پرموشن کرنے والے چاہے کوئی بھی ہوں پولیس ان کے خلاف کارروائی کریگی۔ ذرائع کے مطابق پنجہ گٹہ پولیس نے کرن گوڑ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ع

ملازمہ گھر لوٹ کر فرار ،پڑوسی ریاست میں گرفتار
حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) والد کے بھروسے گھریلو ملازمہ کو کام پر رکھنا بیٹی کیلئے مہنگا ثابت ہوا جہاں ملازمہ گھرلوٹ کر فرار ہوگئی۔ بورا بنڈہ پولیس میں اس معاملہ کی شکایت درج کروائی گئی ہے تاہم ویزاگ پولیس نے ملازمہ کو حراست میں لے لیا ہے اور بورا بنڈہ پولیس دیوی کو شہر منتقل کرنے روانہ ہوچکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملازمت کے اندرون 16 گھنٹے 16 تولہ سونا اور 150 گرام چاندی لیکر دیوی فرار ہوگئی۔ بورا بنڈہ کی ساکن خاتون کا تعلق وشاکھاپٹنم سے بتایا جاتا ہے۔ ستیہ نارائنا نامی شخص سے دیوی کی ملاقات ہوئی، دیوی نے اس سے آپ بیتی سنائی اور اس شخص نے اپنی لڑکی سے بات کرکے گھریلو ملازمہ کو روانہ کیا۔ ستیہ نارائنہ نے اپنی لڑکی سے دیوی کے بھروسہ مند ہونے کی گیارنٹی دی لیکن یہ شخص بھی دیوی کے کردار سے خود واقف نہیں تھا۔ ملازمت کے 16 گھنٹے میں دیوی گھر صاف کرکے فرار ہوگئی۔ دیوی نے ویزاک میں ایک فون مرمت کیلئے دیا تھا جس کو حاصل کرنے پہونچی اور ویزاگ پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلی گئی۔ ع

لڑکیوں کو جسم فروشی کے کاروبار میں جھونکنے والی خاتون گرفتار
حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) فلموں میں موقع دلانے کا جھانسہ دے کر نوجوان لڑکیوں کو جسم فروشی کے کاروبار میں جھونکنے والی شاطر خاتون ناگارانی کو پولیس نے بالآخر گرفتار کرلیا۔ ناگا رانی کئی نوجوان لڑکیوں کی زندگیاں تباہ کرچکی ہے اور پولیس کافی عرصہ سے ناگارانی کو تلاش کر رہی ہے۔ شناخت چھپاکر رازدارانہ انداز میں علاقے بدل کر ناگا رانی اپنی سرگرمیاں چلارہی تھی جو بالآخر پولیس کی گرفت میں آگئی۔ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ یونٹ و سرورنگر پولیس نے مشترکہ کارروائی میں ناگارانی کو گرفتار کرلیا۔ ناگا رانی کو پولیس نے دلسکھ نگر سے گرفتار کیا۔ فلموں میں کام کرنے کی خواہشمند لڑکیوں کو شہر منتقل کرکے ان کے ذریعہ وہ جسم فروشی کا کاروبار کررہی تھی۔ لڑکیوں کی تصاویر کو واٹس ایپ کے ذریعہ گراہکوں تک پہنچانا اور لڑکی پسند آنے پر مقرر کردہ رقم آن لائن حاصل کرتی تھی۔ ناگا رانی نے ہر لڑکی کیلئے خوبصورتی کے لحاظ سے رقم وصول کرتی تھی ۔ رقم حاصل ہونے کے بعد وہ خود لڑکی کو چھوڑا کرتی تھی۔ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور اس کے تعلق سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ع

سرلہ میں کتے کا حملہ ۔ پانچویں جماعت کی طالبہ زخمی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے ضلع راجنا سرسلہ میں کتے کے حملہ میں پانچویں جماعت کی طالبہ زخمی ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق چنا بونالا گرلز اقامتی اسکول کی طالبہ جی سورنا پیر کی شام ہاسٹل کے باہر ضرورت سے فارغ ہونے گئی گروکل اسکول کے احاطے میں آوارہ کتے موجود تھے ایک کتے نے سورنا پر حملہ کردیا ۔ لڑکی کی چیخ و پکار سن کر دیگر لڑکیاں جمع ہوگئی اور کتے کو بھگادیا ۔ اسکول انتظامیہ نے سورنا کو مقامی سرسلہ کے دواخانہ منتقل کردیا ۔ جہاں اس کا علاج کیا جارہا ہے ۔ طلباء نے واچ مین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ٹی آر بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے اس واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ اس حادثہ کی ذمہ داری حکومت پر ہے جس نے لاپرواہی کی ایک اور مثال قائم کی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں تعلیمی مراکز ہوا کرتے تھے اب یہ موت کے جال بنے ہوئے ہیں ۔ کانگریس کے اقتدار پر آنے کے بعد گروکل اسکولوں میں 85 طلباء کو کھودیا ہے ۔۔ ش

مالی و گھریلو پریشانیوں کے سبب ایک شخص کی خودکشی
حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) مالی اور گھریلو پریشانیوں کے سبب ایک شخص نے خودکشی کرلی۔ فلم نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 31 سالہ کمپلی عبدالضمیر احمد نے خودکشی کرلی۔ ضمیر احمد کمپلی روشن پاشاہ کا بیٹا تھا جو جئے ہند نگر کالونی شیخ پیٹ میں رہتا تھا۔ ضمیر احمد کی شادی 2 سال قبل کمپلی ریحانہ سے ہوئی تھی ۔ پولیس کے مطابق ضمیر مالی اور گھریلو پریشانیوں کا شکار تھا جس نے انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع

رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا کے مکان میں داخل ہونے والا شرپسند گرفتار
حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا کے مکان میں داخل ہونے والے اجنبی شرپسند کی نشاندہی کرلی گئی اور اس کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص لوٹ کی غرض سے ہی مکان میں داخل ہوا تھا۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون وجئے کمار نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا کے مکان میں داخل ہونے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے جو سرقہ کرنے کی غرض سے داخل ہوا تھا۔ چونکہ مکان کافی بڑا ہے اس وجہ سے اس کے ہاتھ کچھ نہیں لگا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ سارق دہلی میں 30 سے زائد وارداتوں کو انجام دے چکا ہے اور حیدرآباد میں یہ اس کی پہلی چوری تھی جس میں ناکام ہوگیا اور وہ پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ع