ہنمکنڈہ میں نوجوان کے قتل کا معمہ حل ، کانسٹبل کے بشمول پانچ افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ضلع ورنگل کے ہنمکنڈہ میں نے ایک نوجوان کے قتل کا معمہ حل کرلیا ۔ ورنگل پولیس کمشنر سنپریت سنگھ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باشا بوینا سرینواس کے ایک خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے جس کی شکایت 30 سالہ سائی پرکاش نے پولیس میں کی تھی جس کے بعد سرینواس کو معطل کردیا تھا۔ سرینواس نے دوبارہ ڈیوٹی شروع کی اور شکایت کنندہ سے انتقام لینے کے لیے منصوبہ بنارہا تھا ۔ 15 اپریل کو نرملا اس کا شوہر اور سائی پرکاش ہنکنڈہ علاج کے لیے گئے تھے جس کی اطلاع کانسٹبل سرینواس کو ملی تب سرینواس نے اپنے پانچ ساتھیوں کے ساتھ ان کا پیچھا کرتے ہوئے رات 11-30 بجے گوپال پور چوراہے کے قریب کار کو روکا اور کار سے سائی پرکاش کو زبردستی باہر نکالا اور اسے حسن پرتی کے پاس لے گئے اور شال سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور اس کی نعش کو جلید گڈہ تانڈہ کی ایک باولی میں پھینک دیا اور گاڑی کو ہنمکنڈہ کے ایک مال کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔ گاوں والوں نے باولی سے نعش کو نکالا اور پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے قتل کے معمہ کو حل کرلیا اور کانسٹبل سرینواس اور اس کے ساتھی دیولی سائی ، ارون کمار عرف پانڈو ، ساوت اکھل نائک ، راجو اور نرملا کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے ایک کار ، دو آٹو ، دو بائیک ، پانچ موبائل فونس ، اور ایک ایر گن کو ضبط کر کے ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔۔ ش
رین بازار میں حقہ پارلر پر پولیس کا دھاوا 9 افراد گرفتار
حیدرآباد /23 اپریل ( سیاست نیوز ) ساؤتھ زون ٹاسک فورس اور رین بازار پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے رین بازار پولیس حدود میں حقہ پارلر پر چھاپر مارتے ہوئے 9 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ظفر روڈ پر چھاپ مارا اور حقہ سنٹر سے 9 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 30 ہزار روپئے نقد رقم اور حقہ میں استعمال کی جانے والی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ تمام افراد کو گرفتار کرتے ہوئے رین بازار پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ رین بازار انسپکٹر رمیش نائیک نے بتایا کہ گرفتار شدہ افراد میں محمد فہد 25 سالہ ، محمد آصف 25 سالہ ، محمد مصطفی 27 سالہ ، محمد عامر 25 سالہ ، محمد انور 19 سالہ ، سید عثمان علی 19 سالہ ، محمد رحمن 21 سالہ ، محمد عادل 22 سالہ اور محمد سہیل 26 سالہ شامل ہیں۔ تمام کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ انسپکٹر رمیش نائیک نے کہا کہ رین بازار حدود میں کوئی بھی غیر قانونی سرگرمیاں کی گئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ نوجوانوں کو اپنا مستقبل دیکھانا چاہئے جس کیلئے محنت اور مشقت کرنی چاہئے لیکن اپنے شوق کیلئے نوجوان اپنی زندگیوں کو برباد کر رہے ہیں۔ ش
عطاپور میں سڑک حادثہ
ایک شخص ہلاک
حیدرآباد /23 اپریل ( سیاست نیوز ) عطاپور کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص فوت ہوگیا ۔ عطاپور پولیس کے مطابق 52 سالہ کوثر حیات الدین جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھے ۔ کاروان علاقہ کے ساکن بتائے گئے ہیں۔ آج صبح تقریباً 9.30 بجے کوثر اپنا آٹو لیکر کاروبار کیلئے گھر سے نکلا اور پلر نمبر 126 کے قریب مسافرین کے انتظار میں تھا کہ اس دوران مہدی پٹنم کی جانب سے آرہے ایک تیز رفتار آٹو نے کوثر کو ٹکر دے دی ۔ جو شدید زخمی ہوگیا ۔ جنہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ ع
دن کے اوقات میں مکانات میں چوری کرنے والا شاطر سارق گرفتار
حیدرآباد /23 اپریل ( سیاست نیوز ) جوبلی ہلز پولیس نے ایک کارروائی میں شاطر چور کو گرفتار کرلیا جو مکانات میں دن کے اوقات سرقہ کی وارداتیں انجام دیا کرتا تھا ۔ پولیس نے سارق کے ساتھ مسروقہ اشیاء کی خریداری کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کرلیا جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 21 سالہ کی منی کنٹھے عرف منی عرف نانی ساکن سوماجی گوڑہ متوطن ایسٹ گوداوری کے ساتھ 46 سالہ ایل انیل کمار ساکن ماروتی نگر کتہ پیٹ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ منی کنٹہ چھپا ہوا چور تھا جو اپنے شاطر انداز سے بڑی چالاکی کے ساتھ دن کے اوقات مکانات میں سرقہ کی وارداتیں انجام دیا کرتا تھا ۔ پولیس نے حراست میں لینے کے بعد جب پوچھ تاچھ کی تو اس نے دیگر تین وارداتوں کو قبول کرلیا جو اس نے جوبلی ہلز حدود میں انجام دی تھیں جو سابق میں 7 واراتوں میںملوث تھا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 40 گرام طلائی زیورات کو ضبط کرلیا ۔ ع
مچھلی کے سالن پر ساتھیوں میں جھگڑا ، ایک کی موت
حیدرآباد /23 اپریل ( سیاست نیوز ) مچھلی کے سالن پر ساتھیوں میں جھگڑا ایک کی ہلاک کا سبب بن گیا ۔ جہاں سالن کتے کو کھلانے پر برہم دونوں ساتھیوں نے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے ایک ساتھی کا قتل کردیا ۔ ناگول پولیس حدود میں یہ واردات پیش آئی ۔ ناگول پولیس کے مطابق 24 سالہ دیوی رام جو چھتیس گڑھ کے ساکن دیا رام کا بیٹا تھا۔ یہاں شہر میں اپنے دو ہم وطن ساتھیوں یوگیش اور مکیش کے ساتھ رہتا تھا ۔ یہ تینوں مزدوری کرتے تھے اور ٹٹی انارم کے علاقہ میں کمرہ کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے زندگی بسر کر رہے تھے۔ مقتول ایک منرل واٹر پلانٹ میں کام کرتا تھا ۔ 20 اپریل کو انہو ںنے مچھلی کی خریداری کی اور اس کا سالن بنایا ۔ دیوی رام کام سے جلدی گھر آگیا اور مچھلی کا سالن کھانے کے بعد باقی سالن کتوں کو کھلا دیا ۔ جب ان دونوں نے سالن کے متعلق پوچھا تو ان میں جھگڑا ہوا اور دونوں نے اس پر چاقوں سے حملہ کردیا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ع
غیر قانونی ہندوستان میں داخل ہوکر شناخت چھپاکر زندگی گذارنے والے بنگلہ دیشی گرفتار
حیدرآباد /23 اپریل ( سیاست نیوز ) ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہوتے ہوئے اپنی شناخت چھپاکر شہر میں زندگی بسر کر رہے دو بنگلہ دیشی شہریوں کو سنٹرل زون ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا ۔ ان بنگلہ دیشی شہریوں کو فرضی دستاویزات فراہم کرنے اور فرضی شناخت تیار کرنے والے چار مقامی افراد کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے 6 افراد بشمول دو بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کرلیا جو سلیم نگر کالونی ملک پیٹ میں قیام پذیر تھے ۔ پولیس نے 25 سالہ محمد حیبل ( فرضی نام چوہان چودھری ) ساکن سلیم نگر ملک پیٹ متوطن بنگلہ دیش 21 سالہ روہن ساہا ساکن سلیم نگر ملک پیٹ متوطن بنگلہ دیش کے علاوہ 39 سالہ محمد مقید ساکن اکبر باغ 50 سالہ ٹی سائی کرن ساکن چادر گھاٹ 48 سالہ جی رجنی کانت ساکن چنچل گوڑہ اور ڈی سدھیر کمار ساکن نارسنگی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے سیل فون، لیاب ٹاپ اور دیگر دستاویزات کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ محمد حیبل جو ڈھاکہ کا متوطن ہے غیر قانونی طور پر چار سال قبل مغربی بنگال میں داخل ہوا اور کولکتہ میں رہنے لگا ۔ سال 2023 میں اس نے اپنے فرضی نام چوہان چودھری کے ذریعہ فیس بک پر ملک پیٹ علاقہ کی ساکن خاتون جیہ چودھری سے دوستی کرلی اور شادی کرلی جس کے بعد ملک پیٹ میں منتقل ہوگیا اور آن لائین گارمنٹ بزنس کے علاوہ زماٹو اور سوئیگی میں فوڈ ڈیلوری ایجنٹ بن گیا اور فرضی دستاویزات گرفتار ایجنٹ کے ذریعہ تیار کر رہے تھے ۔ سنٹرل زون ٹاسک فورس ٹیم نے گرفتار افراد کو مزید کارروائی کیلئے ملک پیٹ پولیس کے حوالے کردیا ۔ ع
دھوکہ باز اگھوری عرف الوری سرینواس اترپردیش سے گرفتار، حیدرآباد منتقل
حیدرآباد /23 اپریل ( سیاست نیوز ) تلنگانہ پولیس نے بالاآخر دھوکہ باز اگھوری عرف الوری سرینواس کو گرفتار کرلیا ۔ بڑے پیمانے پر عوامی مطالبہ اور برہمی کے بعد حکومت نے اس اگھوری کا سخت نوٹ لیا اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اگھوری کو ریاست اترپردیش سے گرفتار کرلیا اور حیدرآباد منتقل کردیا ۔ رگھوری فی الحال سائبرآباد پولیس کی تحویل میں ہے اور اے سی پی نارسنگی کی جانب سے پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ اس بات کے امکانات بتائے جارہے ہیں کہ پوچھ تاچھ کے دوران اگھوری کے ذریعہ مزید انکشافات ہوں گے ۔ موکلا پولیس حدود کی ساکن ایک خاتون کے ساتھدھوکہ دہی اور 10 لاکھ روپئے لوٹنے کا اس رگھوری سرینواس پر الزام ہے ۔ پولیس کے مطابق تانترک پوجا کے نام پر خاتون سے رقم لوٹی گئی ۔ اس اگھوری سرینواس نے خاتون کو اپنے ساتھ اجین لے گیا تھا ۔ حالانکہ دھوکہ دہی کا شکار اس خاتون نے فروری کے آخری ہفتہ میں شکایت کی تھی ۔ رگھوری کی دھوکہ دہی کے واقعات ایک کے بعد دیگر منظر عام پر آنے لگے ۔ جس کے بعد عوام کی جانب سے اگھوری کے خلاف کارروائی کیلئے شدید دباؤ بڑھنے لگا اور پولیس نے بالاآخر گرفتاری عمل میں لائی ۔ رگھوری سے جاری پوچھ تاچھ کے دوران پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے وہ اگھوری کی دھوکہ دہی کا شکار ہوچکے ہوں اور کسی وجہ یا پھر ڈر و خوف سے ابھی تک شکایت نہ کی ہوئی بلاخوف پولیس سے رجوع ہوکر شکایت کردیں ۔ پولیس نے انصاف اور سخت کارروائی کا تیقن دیا ہے۔ ع
ضلع رنگاریڈی میں ایک سیکیوریٹی گارڈ کا بہیمانہ قتل
حیدرآباد /23 اپریل ( سیاست نیوز ) ضلع سنگاریڈی میں ایک سیکوریٹی گارڈ کا قتل کردیا گیا ۔ جب وہ ڈیوٹی پر تعینات تھا ۔ بی ڈی ایل بانور پولیس کے مطابق 53 سالہ خیرات میاں پر نامعلوم افراد نے حملہ کرتے ہوئے ان کا قتل کردیا۔ خیرات میاں کا تعلق سداشیوپیٹ سے بتایا گیا ہے جو بانور کی ایک خانگی کمپنی میں سیکوریٹی گارڈ کی حیثیت سے کام کر رہا تھا ۔ 17 اپریل کی رات چار نامعلوم افراد نے خیرات میاں پر حملہ کردیا ۔ خیرات میاں کی چیخ و پکار سے کمپنی کے ملازمین ان کی مدد کیلئے پہونچے لیکن اس وقت تک حملہ آور فرار ہوگئے تھے ۔ ع
شدید زخمی حالت میں خیرات میاں کو مقامی ہاسپٹل اور اس کے بعد گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران آج فوت ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع
پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
جم کرنے والوں میں انجکشن فروخت کرونے والے دو افراد گرفتار
110 انجکشن ضبط ، ٹاسک فورس پولیس ساؤتھ زون کی کارروائی
حیدرآباد /23 اپریل ( سیاست نیوز ) کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ زون ٹیم نے جم کرنے والوں میں انجکشن فروخت کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 110 میفاٹرمائن سلفیٹ انجکشن کو ضبط کرلیا جس کی مالیت ایک لاکھ 32 ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون کی ٹیم نے مغل پورہ اور چندرائن گٹہ پولیس حدود میں کارروائی کو انجام دیا۔ 30 سالہ احمد قریشی ساکن بالاپور کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ ان انجکشن کو بذریعہ آن لائن انڈیا مارٹ نئی دہلی سے کم قیمت میں حاصل کرتے ہوئے زائد قیمت پر فروخت کر رہا تھا ۔ جس کا کوئی لائسنس اور نہ ہی ڈاکٹر کی رپورٹ حاصل کی گئی تھی ۔ جبکہ احمد قریشی جو جم کرنے کا عادی ہے اس نے انجکشن کا استعمال شروع کردیا ۔ اس نے انجکشن کی خریداری کے طریقہ کار کو معلوم کرلیا اور بذریعہ آن لائن انڈیا مارٹ نئی دہلی سے انجکشن خرید کر فروحت کرنے لگا ۔ ٹاسک فورس نے کارروائی کے دوران گولی پورہ اور بارکس علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے انجکشن کو ضبط کرلیا اور مزید کارروائی کیلئے ملزمین کو مغل پورہ اور چندرائن گٹہ پولیس کے حوالے کردیا ۔ ع